قانون کی حکمرانی میں ڈنمارک کا پہلا نمبر، پاکستان 130 ویں نمبر پر برقرار

ورلڈ جسٹس پروجیکٹ (WJP) کے جاری کردہ 2025 رول آف لا انڈیکس میں ڈنمارک نے ایک بار پھر دنیا کے سب سے زیادہ قانون پسند ملک کا اعزاز حاصل کرلیا، جبکہ پاکستان گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی 130 ویں پوزیشن پر برقرار ہے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، رواں سال کے انڈیکس میں دنیا کے بیشتر ممالک میں قانون کی بالادستی میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 68 فیصد ممالک نے گزشتہ سال کے مقابلے میں زوال کا سامنا کیا، جس سے عالمی سطح پر قانون کی حکمرانی کمزور ہونے کے رجحان کی نشاندہی ہوتی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ڈنمارک مسلسل پہلے نمبر پر برقرار ہے، جبکہ اس کے بعد ناروے، فن لینڈ اور سویڈن بالترتیب دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔ یہ تمام ممالک شفاف نظامِ انصاف، حکومتی احتساب اور شہری آزادیوں کے حوالے سے مثالی سمجھے جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نیویارک مئیر الیکشن پر دنیا کی نظریں، ظہران ممدانی کی مقبولیت میں اضافہ

دوسری جانب امریکا کی درجہ بندی میں کمی واقع ہوئی ہے اور وہ اس سال 27 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔ اسی طرح چین نے قدرے بہتری دکھاتے ہوئے 92 ویں پوزیشن حاصل کی ہے۔ پاکستان بدستور 130 ویں نمبر پر موجود ہے، جبکہ بھارت اس فہرست میں 79 ویں نمبر پر برقرار ہے۔

انڈیکس کے مطابق فہرست کے آخر میں وینزویلا 143 ویں اور افغانستان 142 ویں پوزیشن پر شامل ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ روس اور سوڈان جیسے ممالک میں بھی نمایاں گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے، جو قانون کی کمزور ہوتی گرفت اور حکومتی طاقت کے غیر متوازن استعمال کی نشاندہی کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چارسدہ میں جے یو آئی رہنما حافظ عبدالسلام عارف فائرنگ سے شہید

ورلڈ جسٹس پروجیکٹ کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ دنیا بھر میں حکومتی طاقت پر پابندیوں میں کمی اور آمریت کے بڑھتے رجحانات کے باعث قانون کی حکمرانی خطرے میں پڑ رہی ہے، جو عالمی انصاف کے نظام کے لیے تشویشناک علامت ہے۔

Scroll to Top