کوئنٹن ڈی کوک

ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل : کوئنٹن ڈی کوک نے ناپسندیدہ ریکارڈ قائم کر دیا

جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر بیٹر کوئنٹن ڈی کوک نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک غیر مطلوبہ سنگِ میل عبور کر لیا ہے اور اس فارمیٹ میں اپنی ٹیم کے لیے سب سے زیادہ صفر پر آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بن گئے ہیں ۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کے آغاز ہی میں ڈی کوک پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے میدان سے واپس لوٹ گئے ۔

اس اننگز کے ساتھ ہی ان کے صفر پر آؤٹ ہونے کی تعداد 8 ہو گئی، جو کہ کسی بھی جنوبی افریقی بیٹر کی اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ ہے ۔ ڈی کوک نے 96 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں یہ عدد حاصل کیا ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:نیوزی لینڈ کے اسٹار بیٹر کین ولیمسن کا ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

اس فہرست میں اینڈائل فیلوک وائیو 7 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہو کر دوسرے نمبر پر موجود ہیں ، جبکہ ٹمبا باووما، جے پی ڈومنی اور ریزا ہینڈرکس 6، 6 مرتبہ صفر اسکور کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں ۔

دوسری جانب پاکستان کے نوجوان اوپنر صائم ایوب بھی اسی مقابلے میں بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے اور یوں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستانی بیٹرز کی جانب سے سب سے زیادہ صفر پر آؤٹ ہونے کا ریکارڈ برابر کر دیا ۔

صائم ایوب اب تک 51 میچز میں 10 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے ہیں ، جس کے ساتھ وہ عمر اکمل کے ہم پلہ ہو گئے، جنہوں نے 84 میچز میں اتنی ہی مرتبہ صفر اسکور کیا تھا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:تیسرا ٹی ٹوئنٹی،پاکستان نے جنوبی افریقہ کو شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی

پاکستان کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی اور بابر اعظم 8 مرتبہ جبکہ کامران اکمل، محمد نواز اور محمد حفیظ 7، 7 بار بغیر رنز کے آؤٹ ہو چکے ہیں ۔

Scroll to Top