فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کی کارروائی، وئیر ہاؤس سیل، غیر معیاری اشیاء تلف

مظفرآباد (31 اکتوبر 2025) فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کی ٹیم نے شہر کے مختلف علاقوں عیدگاہ، ماکڑی، چہلہ اور لوئر پلیٹ میں اشیائے خوردونوش کے معیار اور صفائی ستھرائی کے نظام کا تفصیلی معائنہ کیا۔ کارروائی کے دوران ہوٹلز، بیکریز، جنرل و کریانہ سٹورز، دودھ کی دکانوں اور ریفریشمنٹ سینٹرز میں صفائی کے ناقص انتظامات اور فوڈ ہینڈلنگ کے دوران حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔

دوران کارروائی موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے ذریعے دودھ، جوسز اور پانی کے نمونے حاصل کیے گئے، جن کی رپورٹس تسلی بخش قرار پائیں۔ تاہم بعض مقامات پر غیر معیاری اور ناقص اشیائے خوردونوش موقع پر تلف کر دی گئیں۔ فوڈ ڈیلیوری گاڑیوں کا معائنہ بھی کیا گیا تاکہ شہریوں کو پہنچائی جانے والی خوراک کے معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔

فوڈ اتھارٹی کی ٹیم میں اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسرز قاضی شفیق الرحمن، سید قدیر حسین شاہ، راجہ منصور آزاد اور فوڈ ٹیکنالوجسٹ انیلہ عباسی شامل تھے جنہوں نے مختلف مارکیٹس میں کارروائی کی۔ اس دوران فوڈ اتھارٹی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر متعدد تاجروں کو جرمانے اور اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔

عیدگاہ روڈ پر قائم ایک مشہور کمپنی کا وئیر ہاؤس بغیر لائسنس و اجازت نامہ کاروبار کرنے پر فوڈ اتھارٹی ایکٹ کے تحت سیل کر دیا گیا۔ ضلعی فوڈ کنٹرولر مظفرآباد/جہلم ویلی ابرار احمد میر نے اس موقع پر کہا کہ فوڈ اتھارٹی شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ تمام فوڈ بزنس آپریٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوڈ اتھارٹی کی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں، کیونکہ صفائی اور حفظان صحت کے اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ہونڈا سی جی 125 خریدنے کے خواہشمندوں کیلئے بڑی خوشخبری، نیا پلان متعارف

ابرار احمد میر نے مزید کہا کہ بغیر اجازت نامہ اور لائسنس کے کاروبار کرنا قانوناً جرم ہے، جبکہ فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2017 اور پیور فوڈ ریگولیشنز 2019 پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ فوڈ اتھارٹی بلا تفریق کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ شہری اگر ملاوٹ شدہ یا غیر معیاری اشیائے خوردونوش کی فروخت دیکھیں تو فوری طور پر فوڈ اتھارٹی ہیلپ لائن 1280 پر اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔

Scroll to Top