نیلم: ہلال احمر پاکستان آزادکشمیر کے زیر اہتمام ضلع نیلم میں وبائی امراض سے آگاہی، حفاظتی تدابیر، بچاؤ، رسک کمیونیکیشن، کمیونٹی انگیجمنٹ اور جینڈر پروٹیکشن سے متعلق تین روزہ ورکشاپ اختتام پذیر ہوگئی۔
ورکشاپ میں ضلع نیلم کے رضاکاران اور موبائل ہیلتھ یونٹ کے اسٹاف نے شرکت کی۔ اس تربیتی پروگرام کا مقصد وبائی امراض سے متعلق شعور و آگاہی پیدا کرنا، عوام کو بچاؤ کے اقدامات سے آگاہ کرنا اور مقامی سطح پر ایسے عملی اقدامات کو فروغ دینا تھا جن سے عوام کو وبائی امراض سے محفوظ رکھا جا سکے۔
ورکشاپ کا انعقاد پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی نیشنل ہیڈکوارٹر اسلام آباد اور انٹرنیشنل فیڈریشن آف دی ریڈ کراس اینڈ ریڈ کریسنٹ کے تعاون سے کیا گیا۔ اس موقع پر انٹرنیشنل فیڈریشن آف دی ریڈ کراس کی سینئر پروگرام منیجر ہیلتھ ڈاکٹر سلمیٰ بی بی اور پروگرام منیجر کمیونٹی انگیجمنٹ عروسہ کٹھی نے بھی شرکت کی اور تکنیکی معاونت فراہم کی۔
اختتامی تقریب سے چیئرمین ہلال احمر آزادکشمیر سردار شفیق احمد خان نے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “وبائی امراض دنیا بھر سمیت پاکستان کا بھی ایک بڑا مسئلہ ہیں، اور اس ورکشاپ کا مقصد رضاکاران کی استعداد کار بڑھانا اور انہیں محفوظ رویوں کی ترغیب دینا ہے تاکہ قیمتی جانوں کے ضیاع کو کم کیا جا سکے۔” انہوں نے کہا کہ ڈینگی سمیت دیگر وبائیں ہر سال قیمتی جانوں کا نقصان کرتی ہیں، تاہم ہلال احمر نے ہمیشہ عوامی شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
چیئرمین نے مزید کہا کہ “ہلال احمر آزادکشمیر نے کورونا وباء کے دوران محکمہ صحت کے ساتھ مل کر 25 ہزار سے زائد افراد کی ویکسینیشن میں حصہ لیا اور عوامی آگاہی مہم بھی چلائی۔” ان کا کہنا تھا کہ “V2R پراجیکٹ کی بدولت ضلع نیلم کے کئی علاقے سیلاب کی تباہ کاریوں سے محفوظ رہے، ہلال احمر کی جانب سے لگائی گئی حفاظتی دیواروں نے لوگوں کی جان و مال کو نقصان سے بچایا۔”
ڈپٹی کمشنر نیلم ندیم جنجوعہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ “ہلال احمر کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں، ادارے نے ہمیشہ قدرتی آفات، زلزلوں، سیلابوں اور وبائی امراض میں عوام کی مدد کی ہے۔” انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ہلال احمر کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس نیلم خواجہ صدیق، میجر اسد نقوی، اور ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے اختر ایوب نے بھی ورکشاپ میں شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں:صدر ٹرمپ کا مودی پر طنزیہ وار، اے پی ای سی سمٹ میں ’قاتل‘ قرار دے دیا
سیکرٹری ہلال احمر آزادکشمیر گلزار فاطمہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ “ریڈ کراس ریڈ کریسنٹ تحریک دنیا کے 191 ممالک میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر خدمات انجام دے رہی ہے۔” انہوں نے اعلان کیا کہ “ضلع نیلم اور مظفرآباد میں سیلاب سے متاثرہ افراد میں مالی مدد جلد فراہم کی جائے گی۔” تقریب کے آخر میں شرکائے تربیت میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔




