(23 اکتوبر 2025): ملک بھر میں سونے کی بڑھتی قیمتوں کو بالآخر بریک لگ گئی۔ سونا آج بھی ہزاروں روپے سستا ہو گیا جس سے خریداروں نے سکون کا سانس لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی اور مقامی مارکیٹوں میں مسلسل اضافے کے بعد اب سونے کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ مقامی صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر میں فی تولہ سونا 3 ہزار 500 روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 33 ہزار 862 روپے کی سطح پر آگیا۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 3 ہزار 1 روپے کمی ہوئی، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 71 ہزار 966 روپے ہوگئی۔ عالمی مارکیٹ میں بھی سونا 35 ڈالر سستا ہوا اور فی اونس قیمت 4 ہزار 115 ڈالر پر پہنچ گئی۔ ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر ڈالر کی قدر میں بہتری اور طلب میں کمی کے باعث سونے کی قیمتوں میں یہ نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب بین الاقوامی منڈی میں سرمایہ کار ڈالر یا دیگر اثاثوں کو ترجیح دینے لگتے ہیں، تو سونا دباؤ کا شکار ہوتا ہے۔
یاد رہے کہ سونا خریدنا روایتی طور پر ایک محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے، جو عموماً افراطِ زر، سیاسی یا معاشی عدم استحکام کے دوران بڑھتی ہے۔ صدیوں سے سونا دولت اور کرنسی کی علامت کے طور پر استعمال ہوتا رہا ہے، اور سرمایہ کار غیر یقینی حالات میں اسے محفوظ پناہ گاہ تصور کرتے ہیں۔ پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کی گئی تھی، جس کے مطابق اب سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف نے صنعتوں اور کسانوں کے لیے بجلی پیکج کا اعلان کردیا
گزشتہ روز (بدھ) ملک بھر میں سونے کی قیمت میں غیر معمولی کمی دیکھنے کو ملی تھی، جس سے سرمایہ کاروں اور صارفین دونوں میں تشویش پیدا ہوگئی تھی۔ اس وقت فی تولہ سونا 7 ہزار 538 روپے سستا ہو کر 4 لاکھ 37 ہزار 362 روپے پر آگیا تھا، جبکہ 10 گرام سونا 6 ہزار 463 روپے کی کمی کے بعد 3 لاکھ 74 ہزار 967 روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔ تاہم آج (جمعرات) کے روز سونا مزید 3 ہزار 500 روپے سستا ہو کر 4 لاکھ 33 ہزار 862 روپے پر پہنچ گیا ہے۔ یوں دو روز کے دوران فی تولہ سونا مجموعی طور پر 11 ہزار 38 روپے سستا ہوا ہے، جبکہ 10 گرام سونا 9 ہزار 464 روپے کم ہو کر 3 لاکھ 71 ہزار 966 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔




