بجلی چوروں کیخلاف گرینڈ آپریشن ہوگا،مافیاز پر ہاتھ ڈالاتو چیخیں نکل گئیں ،وزیراعظم انوارالحق

بھمبر (کشمیر ڈیجیٹل)وزیراعظم آزادجموں وکشمیر چوہدری انوار الحق کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے مسئلہ کشمیر پر دوٹوک موقف اپنایا کہ ’’ ہم 3 جنگیں لڑچکے ،10 مزید بھی لڑنا پڑیں تو لڑیں گے‘‘۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے دوٹوک موقف سے کشمیریوں کا حوصلہ بلند ہوا، کشمیریوں کی منزل پاکستان ہے،انشاء اللہ مقبوضہ جموں و کشمیر جلد آزاد ہوگااور پاکستان کی تکمیل ہوگی ۔

اقتدار خالصتاً اللہ رب العزت کی امانت ہے، بیس کیمپ کی حکومت کو درست سمت گامزن کردیا ،عوام کی بلاتفریق خدمت،تعمیر و ترقی کا مشن جاری رہے گا،مافیاز کو ہاتھ ڈالا تو چیخیں نکلنا شروع ہو گئیں ۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے بھمبر برقیاتی آپریشن ڈویژن بھمبر2کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پرموسٹ سینئر وزیرکرنل(ر) وقاراحمد نور ،وزراء حکومت چوہدری ارشدحسین، چوہدری اظہرصادق سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ عوامی خدمت کیلئے 18 سے 20 گھنٹے روزانہ کام کیا،عوام کو سستی بجلی اور آٹا پر تاریخ ساز سبسڈی دی جس کی مثال کہیں اور نہیں ملتی۔سوشل پروٹیکشن ویلفیئرپروگرام کے ذریعے معاشرے کے پسے ہوئے بے سہارا طبقات کو ماہانہ معقول رقم دی جائیگی تاکہ وہ باعزت اپنی زندگی گزار سکیں ۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے این ٹی ایس اور پی ایس سی کے ذریعے صاف شفاف اور اہلیت و صلاحیت کی بنیاد پر بھرتیاں کیں، بائیومیٹرک سے حاضری کو یقینی بنایا،ٹیکس چوروں،ٹمبر مافیا سگریٹ مافیا کے خلاف کاروائیاں کیں۔

حکومت نے زکوٰۃ فنڈ،بھمبر یونیورسٹی کا قیام،مساجد میں 200 یونٹ مفت بجلی اور آئین و قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا۔ وزیراعظم نے کہاکہ برسوں کے زیر التواء منصوبہ جات پر بھی موجودہ حکومت نے فوری اقدام کرتے ہوئے وفاق کے تعاون سے کام کو دوبارہ شروع کروایا۔

انھوں نے کہا کہ وزارت عظمیٰ کی طرف سے’’ ٹبرپال‘‘منصوبہ ختم کردیا،ٹیکس چوروں،اقرباء پروری،برداری ازم کرنے والوں کو آج کاوزیراعظم اچھا نہیں لگتا۔جب سٹیٹس کو سے ٹکرائیں گے تومافیاز کو تکلیف تو ہو گی۔

وزیراعظم انوارالحق کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ میرٹ کو فوقیت دی۔ حلقہ بھمبر سمیت آزادکشمیر کے تمام حلقہ جات میں بلاتفریق ترقیاتی وفلاحی کام جاری ہیں ،چیزوں کو ریشنلائز کیا ۔ بھمبر برقیاتی ڈویژن میںکوئی نیا خرچہ نہیں آیا۔

وزیراعظم انوارالحق کا کہنا تھا کہ آزادکشمیر میں اب بجلی چوروں کے خلاف گرینڈ آپریشن ہوگا،مقدمات درج ہوں گے بجلی کی طلب و رسد کے لحاظ سے اقدامات اٹھائے ہیں۔انہوں نے کہاکہ محکمہ برقیات کی استعداد کار بڑھا رہے ہیں ۔ بھمبر میں یونیورسٹی،دانش سکول عوام کے لیے تحفہ ہے۔

چوہدری انوار الحق نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں صحت انصاف تعلیم کے نظام میں بہتری آئی ۔آزادکشمیر تمام صوبوں سے زیادہ خوشحال ریاست ہے۔ ہم مسلح افواج پاکستان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بھمبر آپریشن ڈویژن کے بعد بجلی کا لوڈ کم رہ جائے گا۔

سماہنی فیڈر رمضان المبارک سے قبل مکمل کریں گے ۔عوام بجلی چوروں کی نشاندہی کریں۔دوران تقریب وزیراعظم آزادکشمیرنے تحریک آزادی کشمیرکے حق میں نعرے بھی لگائے ۔

Scroll to Top