کولیسٹرول

بلڈ کولیسٹرول کم کرنے کے 8 قدرتی اور آسان طریقے

خون میں کولیسٹرول، چکنائی اور وٹامنز کو لیپوپروٹینز کے ذریعے جسم میں پہنچایا جاتا ہے ۔ کولیسٹرول کی دو بنیادی اقسام ہوتی ہیں۔ ایل ڈی ایل   اور ایچ ڈی ایل ۔

ایل ڈی ایل کو نقصان دہ کولیسٹرول سمجھا جاتا ہے کیونکہ اس کی زیادتی خون کی شریانوں کو تنگ کر کے ہارٹ اٹیک یا فالج جیسے امراض کا خطرہ بڑھا دیتی ہے جبکہ ایچ ڈی ایل مفید کولیسٹرول ہے جو دل کو تحفظ فراہم کرتا ہے اور نقصان دہ کولیسٹرول کو جسم سے خارج کرنے میں مدد دیتا ہے ۔

ہمارا جگر قدرتی طور پر کولیسٹرول پیدا کرتا ہے، تاہم وراثتی عوامل، تمباکو نوشی، غیر متحرک طرزِ زندگی اور ناقص غذا کولیسٹرول کی سطح کو متاثر کر سکتے ہیں ۔خوش قسمتی سے، چند آسان عادات اپنا کر ہم قدرتی طور پر نقصان دہ کولیسٹرول میں کمی لا سکتے ہیں اور دل کو صحت مند رکھ سکتے ہیں ۔

1. درست چکنائی کا انتخاب کریں:
تحقیقات سے واضح ہے کہ monounsaturated fats کے استعمال سے نقصان دہ کولیسٹرول کم اور مفید کولیسٹرول بڑھتا ہے ۔ یہ چکنائی زیتون کے تیل، مونگ پھلی، بادام، تل، اور کینولا آئل میں پائی جاتی ہے۔ انہیں روزمرہ کھانوں میں شامل کرنا دل کے لیے مفید ہے۔

2. اومیگا-3 فیٹی ایسڈز کا استعمال:
Polyunsaturated fats یا خاص طور پر اومیگا -3 فیٹی ایسڈز نہ صرف ایل ڈی ایل میں کمی لاتے ہیں بلکہ دل کے امراض، ذیابطیس ٹائپ 2 اور میٹابولک سینڈروم کے خطرات بھی کم کرتے ہیں ۔ اومیگا -3 کی بہترین خوراکی ذرائع ہیں: مچھلی، اخروٹ، السی کے بیج اور سویا بین ۔

3۔ ٹرانس فیٹس سے گریز کریں:
ٹرانس فیٹس ایسی نقصان دہ چکنائیاں ہیں جو بازاری کھانوں، بیکری مصنوعات اور پیک فوڈز میں ذائقہ اور پائیداری بڑھانے کے لیے شامل کی جاتی ہیں ۔ یہ کولیسٹرول کے توازن کو بگاڑ دیتی ہیں ۔ ایل ڈی ایل بڑھاتی ہیں اور ایچ ڈی ایل گھٹاتی ہیں ۔ جس کے نتیجے میں خون کی شریانیں بند ہو سکتی ہیں ۔

4۔ فائبر والی غذائیں اپنائیں:
پانی میں حل ہونے والا soluble fiber جسم سے نقصان دہ کولیسٹرول کے اخراج میں مدد دیتا ہے ۔ اس کے لیے جو، دالیں، بیج، پھل اور مٹر جیسی غذاؤں کو روزمرہ خوراک کا حصہ بنائیں ۔ یہ دل کی صحت کے لیے نہایت فائدہ مند ہیں ۔

5. باقاعدگی سے ورزش کریں:
ورزش نہ صرف جسمانی فٹنس بلکہ دل کی کارکردگی کے لیے بھی ضروری ہے۔امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کے مطابق، ہفتے میں کم از کم 150 منٹ معتدل ورزش (جیسے چہل قدمی، سائیکلنگ یا تیراکی) کولیسٹرول کی سطح میں نمایاں بہتری لاتی ہے ۔

6. وزن متوازن رکھیں:
اضافی وزن یا موٹاپا ایل ڈی ایل بڑھانے کا باعث بنتا ہے جبکہ وزن میں کمی سے نقصان دہ کولیسٹرول گھٹتا ہے اور مفید کولیسٹرول میں اضافہ ہوتا ہے ۔ اس کے ساتھ بلڈ پریشر اور شوگر کی سطح بھی بہتر رہتی ہے ۔

7. تمباکو نوشی ترک کریں:
تمباکو نوشی دل کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے ۔ یہ نہ صرف نقصان دہ کولیسٹرول میں اضافہ کرتی ہے بلکہ مفید کولیسٹرول کو بھی کم کرتی ہے ۔ اس عادت کو چھوڑنے سے شریانوں کی صحت بہتر ہوتی ہے اور دل کے امراض کا خطرہ نمایاں حد تک گھٹ جاتا ہے ۔

8. سپلیمنٹس سے مدد حاصل کریں:
اگر غذا اور طرزِ زندگی میں تبدیلی کے باوجود کولیسٹرول قابو میں نہ آئے تو کچھ قدرتی سپلیمنٹس مددگار ثابت ہو سکتے ہیں ۔ مثلاًمچھلی کے تیل کے کیپسول ۔ اومیگا-3 سے بھرپوراسپغول (Psyllium husk)  فائبر کا مؤثر ذریعہ یہ دونوں خون میں کولیسٹرول کی سطح بہتر بنانے میں معاون ہیں۔

نتیجہ:
دل کی صحت ہمارے روزمرہ طرزِ زندگی سے جڑی ہے ۔ درست غذا، متوازن چکنائی، باقاعدہ ورزش اور تمباکو نوشی سے پرہیز سے نہ صرف کولیسٹرول قابو میں رکھا جا سکتا ہے بلکہ زندگی کو زیادہ صحت مند اور متحرک بنایا جا سکتا ہے ۔

Scroll to Top