قومی ٹیم

ویمنز ورلڈ کپ : قومی ٹیم آج نیوزی لینڈ کیخلاف پہلی جیت کیلئے پُر اُمید

کولمبو:آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 میں پہلی کامیابی کے تعاقب میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم آج نیوزی لینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی ۔

قومی ٹیم نے میچ سے قبل کولمبو میں ٹریننگ سیشن کیا، جس میں کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی بھرپور مشقیں کیں ۔ تاہم مسلسل بارش کے باعث ٹریننگ کا دورانیہ صرف دو گھنٹے تک محدود رہا ۔

ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم اب تک کوئی جیت اپنے نام نہیں کرسکی ۔ انگلینڈ کے خلاف ہونے والا میچ بھی خراب موسم کی نذر ہوگیا تھا ۔ اس میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 113 رنز کا ہدف دیا، جس کے جواب میں پاکستان نے اننگز کا آغاز منیبہ علی اور اومائمہ سہیل کے ساتھ کیا ۔

مگر صرف 6.4 اوورز میں 34 کے مجموعی اسکور پر ایک بار پھر بارش شروع ہوگئی ، جس کے باعث میچ کو منسوخ کرنا پڑا۔ نتیجتاً دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملا، اور پاکستان کی سیمی فائنل میں رسائی کی امیدیں تقریباً ختم ہوگئیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:قومی ٹی 20اسکواڈ فائنل، اہم کھلاڑی کی واپسی کا امکان

اس سے قبل ورلڈ کپ کے نویں میچ میں پاکستان کو آسٹریلیا کے ہاتھوں بھاری شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ آسٹریلوی ٹیم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 222 رنز کا ہدف مقرر کیا، جس کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی ۔

پوری ٹیم 36.3 اوورز میں صرف 114 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی ۔ اوپنر سدرہ امین 35 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہیں، جب کہ دیگر کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں مکمل طور پر ناکام رہیں ۔

ٹیم مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کا حوصلہ بلند ہے اور نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے ۔

قومی ٹیم کو اُمید ہے کہ وہ آج کا مقابلہ جیت کر ایونٹ میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کرے گی اور شائقینِ کرکٹ کو خوشخبری دے گی ۔

Scroll to Top