ہانیہ عامر یو این ویمن پاکستان کی نیشنل گڈ وِل ایمبیسیڈر مقرر

(کشمیر ڈیجیٹل) یو این ویمن پاکستان نے معروف اداکارہ ہانیہ عامر کو اپنا نیشنل گڈ وِل ایمبیسیڈر مقرر کر دیا ہے۔ اس موقع پر اسلام آباد میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں ہانیہ عامر اور یو این ویمن پاکستان کے درمیان یادداشتِ مفاہمت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔

تقریب میں یو این ویمن کے اعلیٰ حکام، سفارتی نمائندے اور سماجی شخصیات شریک ہوئیں۔ اس موقع پر پاکستان اور اقوامِ متحدہ کے پرچم بھی لہرا کر نئی شراکت داری کا اظہار کیا گیا۔ یو این ویمن کے نمائندے نے ہانیہ عامر کی سماجی خدمات اور خواتین کے حقوق کے فروغ کے لیے ان کی کوششوں کو سراہا۔ معروف سماجی کارکن منیبہ مزاری کے بعد یہ اعزاز ہانیہ عامر کو دیا گیا ہے۔

معاہدے کے تحت خواتین کی معاشی خودمختاری، ڈیجیٹل شمولیت اور صنفی مساوات کے فروغ کے لیے مشترکہ پروگرام ترتیب دیے جائیں گے تاکہ پاکستان میں خواتین کو بااختیار بنانے کی کوششوں کو مزید تقویت دی جا سکے۔ اس موقع پر ہانیہ عامر نے کہا، ’’یہ اعزاز نہیں بلکہ ایک بڑی ذمہ داری ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ خواتین کے لیے برابری اور بااختیار بنانا ان کی ترجیح ہے۔ ہانیہ عامر نے مزید کہا، ’’ہر لڑکی کو اپنے خواب پورے کرنے کا حق ملنا چاہیے اور میں ان آوازوں کی نمائندگی کرنا چاہتی ہوں جو اکثر نظر انداز ہو جاتی ہیں۔‘‘

یہ بھی پڑھیں: سونا تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، جانیےآج کے ریٹس

انہوں نے خواتین اور بچیوں کی آواز بننے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس کردار کے ذریعے معاشرے میں مثبت تبدیلی کی علامت بننا چاہتی ہیں۔ ان کے بقول، ’’میری شمولیت سے خواتین کے حقوق کے فروغ میں ایک نیا باب کھلے گا۔‘‘

یو این ویمن پاکستان کے مطابق، ہانیہ عامر کی شرکت سے ادارے کی مہمات کو نئی توانائی ملے گی اور خواتین کے مساوی مواقع کے لیے جاری کوششوں کو مزید وسعت حاصل ہوگی۔

Scroll to Top