پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری ہے، جو منگل کے روز ایک نئی تاریخی سطح پر پہنچ گیا۔ عالمی مارکیٹ میں ہونے والے اضافے کے باعث مقامی مارکیٹ میں بھی قیمتی سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز سرا فا ایسوسی ایشن (APGJSA) کے مطابق، 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت 6 ہزار 900 روپے اضافے کے بعد 4 لاکھ 35 ہزار 100 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
اسی طرح 10 گرام سونا 5 ہزار 916 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 73 ہزار 28 روپے میں فروخت ہوا۔پیر کے روز سونے کی فی تولہ قیمت 5 ہزار 500 روپے اضافے کے ساتھ 4 لاکھ 28 ہزار 200 روپے تک جا پہنچی تھی، تاہم آج مزید اضافہ دیکھنے میں آیا۔
دوسری جانب، عالمی مارکیٹ میں بھی سونا نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔ بین الاقوامی سطح پر سونے کی قیمت 69 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 140 ڈالر فی اونس ہوگئی، جو تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق اس میں 20 ڈالر کا پریمیم بھی شامل ہے۔
عالمی ماہرین کے مطابق امریکی ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ، شرحِ سود میں ممکنہ کمی اور امریکہ و چین کے درمیان تجارتی کشیدگی کے باعث سرمایہ کاروں کی توجہ ایک بار پھر محفوظ سرمایہ کاری سمجھے جانے والے اثاثوں، خصوصاً سونے کی طرف بڑھ رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ عالمی مارکیٹ میں سونا پہلی بار 4 ہزار 100 ڈالر فی اونس سے تجاوز کر گیا۔
وقت عالمی مارکیٹ میں اسپوٹ گولڈ 2.1 فیصد اضافے کے بعد 4 ہزار 99.55 ڈالر فی اونس میں ٹریڈ ہورہا ہے، جب کہ دسمبر کے لیے امریکی فیوچر گولڈ کی قیمت 3 فیصد بڑھ کر 4 ہزار 120.10 ڈالر فی اونس ہو گئی ہے۔
دوسری جانب، چاندی کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ ملک بھر میں 24 قیراط چاندی کی فی تولہ قیمت 5 ہزار 247 روپے جبکہ 10 گرام کی قیمت 4 ہزار 498 روپے برقرار رہی۔
مارکیٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر جاری مالیاتی بے یقینی، تجارتی کشیدگی اور شرحِ سود میں ممکنہ کمی کے اعلانات نے سرمایہ کاروں کو ایک بار پھر گولڈ مارکیٹ کی طرف راغب کیا ہے، جس کا اثر پاکستان سمیت عالمی سطح پر بھی واضح طور پر نظر آ رہا ہے۔
یہ بھی پرھیں: پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ کے پی کے حلف سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا




