فارورڈ کہوٹہ میں ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر ضلع حویلی نے گزشتہ روز پولیس خدمت مرکز کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نے فراہم کی جانے والی سہولیات، عملے کی کارکردگی اور عوامی خدمات کے معیار کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ڈی ایس پی نے شہریوں سے براہِ راست ملاقات کی اور پولیس خدمت مرکز سے متعلق ان کی آراء حاصل کیں۔ شہریوں نے فراہم کردہ سہولیات پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مرکز کے قیام سے ایک ہی چھت کے نیچے شناختی تصدیق، کردار سرٹیفکیٹ، رجسٹریشن، گاڑیوں کے کاغذات کی تصدیق، گمشدگی رپورٹ اور ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق درخواستوں سمیت دیگر خدمات بآسانی میسر ہیں۔
شہریوں نے پولیس خدمت مرکز کے عملے کے خوش اخلاق، تعاون پر مبنی اور عوام دوست رویے کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مرکز میں آنے والے شہریوں کے مسائل فوری حل کیے جاتے ہیں اور کسی قسم کی تاخیر یا دفتری رویے کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔
ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر نے پولیس خدمت مرکز کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت پولیس کا بنیادی فریضہ ہے، اور ان مراکز کا مقصد عوام کو باعزت، شفاف اور تیز ترین سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فورس عوام کی خدمت کے لیے ہر وقت تیار ہے، اور ایسے اقدامات سے پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد مزید مضبوط ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف نے ٹرمپ کو “مین آف دی پیس” قرار دے کر دوبارہ نوبل امن انعام کے لیے نامزد کر دیا
آخر میں ڈی ایس پی نے عملے کو ہدایت کی کہ وہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور سروس کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے بھرپور محنت جاری رکھیں۔




