تنویر الیاس کٹھ پتلی، اپنی یونین کونسل ہارے،مجھے کیا جتوائیں گے؟ انوارالحق

اسلام آباد: وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے سابق وزیراعظم تنویر الیاس کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں جو شخص اپنے آبائی حلقہ میں اپنی شناخت برقرار نہیں رکھ سکا وہ بھمبر جا کر کسی کو کیا الیکشن جتوائے گا؟

نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں چوہدری انوارالحق نے کہا کہ یہ شخص اپنی آبائی یونین کونسل سے کونسلر کی سیٹ بھی ہارا ہوا ہے، جب آپ خواہشات کے اسیر ہو جاتے ہیں تو کٹھ پُتلی بن جاتے ہیں اور کٹھ پتلیوں کے بیانوں پر ردعمل نہیں دینا چاہیے کیونکہ انہیں نچا کوئی اور رہا ہوتا ہے ۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے گزشتہ دنوں انکشاف کیا تھا کہ چوہدری انوارالحق الیکشن ہار رہے تھے ، انہیں میں نے جتوایا اور عمران خان کو بھی بھمبر لے کر گیا، سردار تنویرالیاس نے اس سازش کا حصہ بننے پر کشمیری قوم سے معافی بھی مانگی تھی۔

وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے انٹرویو میں مزید کہا کہ 22 ماہ کی حکومت کے دوران ایک لمحہ ایسا نہیں آیا جب یہ نہ سنا ہو کہ میرے خلاف عدم اعتماد کی تحریک آرہی ہے ، آزادکشمیر میں ایک’’برائی کا گٹھ جوڑ‘‘تھا جس نے تحریک آزادی کشمیر اور گڈگورننس کو یرغمال بنایا ہوا تھا ۔

یہ بھی پڑھیں:پاک فوج ملکی دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار، کشمیریوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی ، وزیراعظم انوارالحق

جب میں نے “سٹیٹس کو”توڑا جاتا ہے تو ردعمل آتا ہے ۔ یہ بیانیے کی جنگ کا دور ہے ، جب تک اللہ تعالیٰ نے میرے قلم میں اختیار رکھا ہے تحریک آزادی کشمیر اور گڈ گورننس کے لیے اقدامات اٹھاتا رہوں گا ۔

ایکشن کمیٹی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم انوارالحق نے کہا کہ جب پریشر گروپس روز مرہ کے معمولات زندگی میں خلل ڈالنا شروع کردیں تو ریاست کی ہر ممکن کوشش ہوتی ہے کہ شہریوں کی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے ، ہم نے مسائل کو” پرامن”طور پر حل کرنے کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ رٹھوعہ ہریام پل،نیلم جہلم پراجیکٹ کے باعث مظفر آباد شہر میں رونماُہونے والی “موسمیاتی تبدیلیوں” سمیت بجلی، آٹا ، جاگراں پاور پراجیکٹ اور دیگر ڈیڈ پراجیکٹس اور مسائل بھی میرے دور حکومت سے پہلے کے ہیں ان سب مسائل کو حل کرنے کے لیے موجودہ حکومت نے اقدامات اٹھائے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ مملکت خداداد پاکستان کو سلامتی کونسل کی غیر مستقل رکنیت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مسئلہ کشمیر پر سفارتکاری کو مزید موثر بنانا چاہیے ، پاکستان کو اپنے سفارتخانوں میں کشمیر ڈیسک بھی قائم کرنےچاہیے ، آرمی چیف نے مسئلہ کشمیر پر دوٹوک موقف کو ایک بار پھر دہرایا کر ہندوستان کو واضح پیغام دیا ہے۔

Scroll to Top