لاہور میں ٹماٹروں سمیت سبزیوں کی قیمتوں نے ایک بار پھر آسمان کو چھو لیا ہے، عام شہریوں کے لیے روزمرہ کی ضروریات پوری کرنا مزید مشکل ہوتا جا رہا ہے ۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق ٹماٹر جو چند روز قبل 300 روپے فی کلو فروخت ہو رہا تھا، اب 500 روپے فی کلو تک پہنچ گیا ہے۔ اسی طرح دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے ۔
1۔ بند گو 120 سے بڑھ کر 300 روپے فی کلو
2۔ کھیرا 80 سے بڑھ کر 140 روپے فی کلو
3۔ شلجم 150 سے بڑھ کر 300 روپے فی کلو
4۔ میتھی 200 سے بڑھ کر 400 روپے فی کلو
5۔ پھلیاں 200 سے بڑھ کر 300 روپے فی کلو
6۔ مونگرے 80 روپے پاؤ سے بڑھ کر 120 روپے پاؤ
دکانداروں کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں ایک مذہبی جماعت کے احتجاج اور ٹرانسپورٹ کی بندش کے باعث سبزیوں کی سپلائی بری طرح متاثر ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں مارکیٹ میں قلت اور قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے ۔
دوسری جانب شہریوں نے بڑھتی ہوئی مہنگائی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت قیمتوں پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ شہریوں کے مطابق اب سبزیاں خریدنا بھی ایک مشکل مرحلہ بنتا جا رہا ہے ۔
عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سبزیوں کی قیمتوں میں کمی اور منڈیوں میں سپلائی کی بحالی کے لیے فوری طور پر اقدامات کیے جائیں تاکہ عام آدمی کو ریلیف میسرآ سکے ۔




