موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی خشک میوہ جات کی طلب میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے باعث ان کی قیمتوں میں بھی خاطر خواہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
شہر کے مختلف بازاروں میں خشک میوہ جات عام صارفین کی پہنچ سے باہر ہوتے جا رہے ہیں۔ پشاور کینٹ میں چلغوزے کی قیمت 10 ہزار سے بڑھ کر 12 ہزار روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، مونگ پھلی 600 سے 800 روپے، بادام 3 ہزار روپے، کاغذی اخروٹ 1 ہزار روپے اور پستہ 4 ہزار روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔
دکانداروں کے مطابق موسم سرما کے آغاز پر مونگ پھلی کی فروخت میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے تاہم دیگر خشک میوہ جات کی قیمتیں بھی مسلسل بڑھ رہی ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق عالمی سطح پر خشک میوہ جات کی سالانہ طلب تقریباً 50 لاکھ ٹن کے قریب ہے، جس میں سے پاکستان تقریباً 10 لاکھ ٹن خشک میوہ جات برآمد کرتا ہے۔ ملک میں خشک میوہ جات کی بڑی پیداوار سوات، چترال اور گلگت بلتستان جیسے پہاڑی علاقوں سے حاصل کی جاتی ہے۔




