ویمن ورلڈکپ: پاکستانی کپتان کی پریس کانفرنس میں آئی سی سی نے سیاسی سوالات سے روک دیا

ایشیا کپ کے دوران پاک بھارت تنازعات کے بعد آئی سی سی ویمن ورلڈکپ میں کل ہونے والے پاک بھارت میچ کو کسی بھی تنازع سے محفوظ رکھنے کے لیے عالمی کرکٹ باڈی نے خاص اقدامات کیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق آئی سی سی کی میڈیا منیجر سیپوا کازی نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ پاکستانی ویمن ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا کی پریس کانفرنس میں سیاسی سوالات نہیں ہوں گے، حتیٰ کہ کھلاڑیوں کے ہینڈ شیک سے متعلق بھی سوال نہیں کیا جائے گا۔ صحافی صرف کھیل اور میچ سے متعلق سوالات کریں گے۔

پریس کانفرنس کے دوران کپتان فاطمہ ثنا نے بھارت کے خلاف میچ کے حوالے سے تیاریوں پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ “ہماری توجہ صرف کرکٹ پر ہے، بھارت کے خلاف اچھی تیاری کی ہے اور ہم یہاں صرف کرکٹ کھیلنے آئے ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ میچ کے لیے حتمی پلیئنگ الیون کا اعلان وقت پر کیا جائے گا۔

بنگلادیش کے خلاف شکست پر بات کرتے ہوئے فاطمہ ثنا نے کہا کہ پاکستان ایونٹ سے باہر نہیں ہوا، ٹیم کم بیک کرے گی اور سب کھلاڑی بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں کپتان نے کہا کہ ماضی میں ٹیموں کے درمیان میل جول زیادہ ہوتا تھا جو خوشگوار تھا، لیکن اب ہماری پہلی ترجیح صرف کھیل ہے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ ٹیم کو باہر کی صورتحال کا علم ہے، لیکن توجہ صرف کرکٹ پر مرکوز ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کامیاب مذاکرات کے بعد اعلیٰ سطحی کمیٹی کی واپسی، اہم فیصلوں پر اتفاق

کپتانی کے تجربے پر بات کرتے ہوئے فاطمہ ثنا نے کہا کہ کم عمری میں قیادت سمیت کئی اعزاز ملے ہیں، ٹیم میں موجود سینئر کھلاڑیوں کی مکمل سپورٹ حاصل ہے اور سب ایک ٹیم بن کر کھیل رہے ہیں۔

Scroll to Top