سام سنگ کے آنے والے فلیگ شپ گلیکسی ایس 26 الٹرا میں ایک منفرد پرائیویسی فیچر متعارف ہونے کا امکان ہے۔
تازہ ترین لیک میں بتایا گیا ہے کہ یہ نیا فیچر “پرائیویسی ڈسپلے” کہلاتا ہے، جو عوامی مقامات پر اسکرین پر نظر آنے والے مواد کو دوسروں سے محفوظ رکھنے میں مدد دے گا۔
یہ فیچر ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر صارف @achultra کی جانب سے اس وقت سامنے آیا جب آنے والے One UI 8.5 بلڈ کی ٹیر ڈاؤن میں اس کا سراغ ملا۔ رپورٹس کے مطابق یہ ٹیکنالوجی اطراف سے اسکرین دیکھنے کو مشکل بنائے گی اور ہجوم یا پبلک جگہ پر خودکار طور پر ایکٹیویٹ ہو سکتی ہے۔
فیچر کیسے کام کرے گا؟لیک شدہ اسکرین شاٹس کے مطابق صارفین اس فیچر کو اپنی مرضی کے مطابق کنٹرول کر سکیں گے۔ آپ طے کر سکیں گے کہ یہ کب آن ہو، آیا یہ خودکار ایکٹیویٹ ہو یا صرف مخصوص ایپس اور مواد پر ہی فعال رہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ فیچر ماحولیاتی سینسر کے ذریعے بھی کام کر سکتا ہے، جیسے عوامی ٹرانسپورٹ یا میٹنگ روم میں خود بخود آن ہونا۔
حساس مواد کا تحفظ:اگر یہ فیچر متعارف ہوتا ہے تو اس کے ذریعے درج ذیل چیزیں محفوظ رہ سکیں گی:
- لاک اسکرین کی معلومات (PIN، پاس ورڈ یا پیٹرن)،گیلری میں موجود نجی تصاویر،نوٹیفکیشنز اور پکچر-ان-پکچر ونڈوز
یہ سہولت بالخصوص ان صارفین کے لیے مفید ہوگی جو مشترکہ جگہوں پر کام کرتے ہیں یا میٹنگز میں شرکت کرتے ہیں۔
اگرچہ یہ رپورٹس فی الحال غیر مصدقہ ہیں لیکن یہ سام سنگ کے اس رجحان سے مطابقت رکھتی ہیں جس میں وہ بڑے ڈیزائن بدلاؤ کے بجائے صارفین کے لیے آسانیاں اور پرائیویسی فیچرز پر توجہ دے رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی
سام سنگ کی جانب سے تاحال اس پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔ تاہم اگر یہ فیچر حتمی طور پر ایس 26 الٹرا میں شامل ہوا تو یہ فون کو نہ صرف زیادہ محفوظ بلکہ 2025 کی اسمارٹ فون ریس میں ایک منفرد پوزیشن دے سکتا ہے۔




