کراچی (کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کے اعتماد نے نئی تاریخ رقم کر دی، 100 انڈیکس ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔کاروباری ہفتے کے اختتامی روز مارکیٹ نے بلند ترین پوائنٹس عبور کر لیے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعے کے روز کاروبار کے آغاز پر زبردست تیزی دیکھی گئی ، جس کے نتیجے میں 100 انڈیکس پہلی بار ایک لاکھ 69 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا ۔
کاروبار کے دوران انڈیکس میں 1100 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ ہوا اور یہ ایک لاکھ 69 ہزار 663 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر ٹریڈ کرتا رہا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ایک سال کے دوران موٹرویز، ہائی ویز پر ٹول ٹیکسز میں کتنے فیصد اضافہ ہوا؟تازہ اعداد و شمار جاری
تاہم پہلے ٹریڈنگ سیشن کے اختتام پر انڈیکس 812 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 169,301 پوائنٹس پر بند ہوا، جو کہ مارکیٹ کی نئی ریکارڈ سطح ہے ۔
اس دوران اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری حجم غیر معمولی رہا۔ پہلے سیشن میں 93 کروڑ شیئرز کا لین دین ہوا جس کی مالیت تقریباً 42 ارب روپے تک پہنچ گئی ۔
سرمایہ کاروں کی دلچسپی خاص طور پر آٹو موبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکس، فرٹیلائزر، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیاں، آئل مارکیٹنگ کمپنیاں، بجلی کی پیداوار اور ریفائنری سیکٹرز میں نمایاں رہی۔
بڑی کمپنیوں جیسے حبکو، او جی ڈی سی، پی او ایل، ایس این جی پی ایل، ایس ایس جی سی، ڈی جی خان سیمنٹ اور انڈس موٹرز کے شیئرز مثبت زون میں ٹریڈ ہوئے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:چنگن نے پاکستان میں کاروان کا نیا ورژن متعارف کرا دیا، قیمت بھی سامنے آگئی
یاد رہے کہ ایک روز قبل بھی اسٹاک مارکیٹ نے غیر معمولی تیزی دیکھی تھی اور انڈیکس 2,849 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 168,489 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔




