ٹرمپ اوریوٹیوب کے درمیان مقدمہ ختم کرنے کے لیے معاہدہ طے پا گیا

اسٹریمنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ تصفیہ کرتے ہوئے دو کروڑ 45 لاکھ امریکی ڈالر ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوری 2021 میں واشنگٹن میں ہونے والے ہنگاموں کے بعد یوٹیوب کی جانب سے اکاؤنٹ معطلی پر کمپنی کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔ سی این بی سی کے مطابق ٹرمپ نے اس وقت یوٹیوب کے ساتھ ساتھ فیس بک اور موجودہ “ایکس” پر بھی مقدمات کیے تھے، کیونکہ ان پلیٹ فارمز نے تشدد بھڑکانے کے الزامات پر ان کے اکاؤنٹس معطل کر دیے تھے۔

کیلیفورنیا کی عدالت میں دائر دستاویزات کے مطابق یہ تصفیہ کسی قصور یا ذمہ داری کی قبولیت نہیں بلکہ معاملے کو ختم کرنے کے لیے ادائیگی ہے۔ معاہدے کے تحت یوٹیوب کل 2 کروڑ 45 لاکھ ڈالر ادا کرے گا، جن میں سے 2 کروڑ 20 لاکھ ڈالر ڈونلڈ ٹرمپ کو ملیں گے۔ تاہم انہوں نے اس رقم کو نیشنل مال کی بحالی اور وائٹ ہاؤس میں نئے بال روم کی تعمیر کے لیے استعمال کرنے کا اعلان کیا ہے۔

معاہدے کے مطابق باقی 25 لاکھ ڈالر مقدمات دائر کرنے والے دیگر افراد کو ملیں گے، جن میں وہ مصنفہ بھی شامل ہیں جن کا یوٹیوب اکاؤنٹ کورونا ویکسین سے متعلق مبینہ غلط معلومات پھیلانے پر معطل کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: فلپائن میں6.9شدت کے زلزلہ سے تباہی،20 افراد ہلاک،ہنگامی حالت نافذ

واضح رہے کہ ٹرمپ کا یوٹیوب اکاؤنٹ تقریباً دو سال معطل رکھنے کے بعد مارچ 2023 میں بحال کیا گیا تھا۔ اس سے قبل فیس بک اور ایکس بھی ان کے ساتھ اسی نوعیت کے تصفیے کر چکے ہیں۔

Scroll to Top