750 روپے پرائز بانڈ کی قرعہ اندازی 15 اکتوبر کو مظفرآباد میں ہوگی

(کشمیر ڈیجیٹل)قومی بچت مرکز آئندہ ماہ اکتوبر 2025 میں 750 روپے مالیت کے پرائز بانڈ کی چوتھی قرعہ اندازی کرے گا۔ یہ قرعہ اندازی 15 اکتوبر (بدھ) کو صبح 10 بجے نیشنل سیونگز سنٹر مظفرآباد میں ہوگی۔

پاکستان میں پرائز بانڈز حکومت کی حمایت یافتہ اور سود سے پاک سرمایہ کاری سمجھے جاتے ہیں، جو اسلامی مالیاتی اصولوں کے مطابق تیار کیے گئے ہیں۔ یہ بانڈز نہ صرف کم رسک آپشن مانے جاتے ہیں بلکہ حکومتی فنڈنگ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ پرائز بانڈز کا انتظام اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور نیشنل سیونگز آرگنائزیشن مشترکہ طور پر کرتے ہیں۔

چوتھی قرعہ اندازی میں پہلا انعام جیتنے والا 15 لاکھ روپے حاصل کرے گا جبکہ دوسرے انعام کے تین خوش نصیب فاتحین کو 5،5 لاکھ روپے ملیں گے۔ جولائی 2025 میں ہونے والی پچھلی قرعہ اندازی میں پہلا انعام پرائز بانڈ نمبر 953346 کے حصے میں آیا تھا، جبکہ دوسرے انعامات بانڈ نمبرز 294897، 651248 اور 965105 کو ملے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کی ماحول دوست الیکٹرک وہیکل اسکیم کا سرکلر جاری

مزید برآں، وفاقی حکومت کے نوٹیفکیشن کے مطابق جولائی 2025 سے پرائز بانڈز کی جیتنے والی رقم اور قرض پر منافع پر ود ہولڈنگ ٹیکس میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ فائلرز کو اب انعامی رقم پر 15 فیصد ٹیکس جبکہ نان فائلرز کو 30 فیصد ادائیگی کرنا ہوگی۔

Scroll to Top