پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ آج مزید اضافے کے بعد فی تولہ سونا پہلی بار 4 لاکھ روپے سے تجاوز کرگیا۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں نیا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آج فی تولہ سونا 5 ہزار 900روپے مہنگا ہوکر 4 لاکھ 3 ہزار 600 روپے کا ہوگیا۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 5 ہزار 59روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 3 لاکھ 46 ہزار 21 روپے پر پہنچ گئی۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا، جہاں فی اونس سونا 59 ڈالر بڑھ کر 3ہزار 8سو18ڈالر فی اونس پر جا پہنچا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ اور عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی طلب مقامی سطح پر بھی سونے کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجوہات ہیں۔
یاد رہے کہ سونا خریدنا ہمیشہ سے محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے، جو افراط زر، سیاسی اور معاشی غیر یقینی حالات میں اپنی قدر بڑھاتا ہے۔ صدیوں سے یہ کرنسی اور دولت کی علامت رہا ہے اور سرمایہ کار غیر یقینی صورتحال میں اسے ترجیح دیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد میں عوامی ایکشن کمیٹی کا احتجاج کشیدگی اختیار کر گیا، پولیس بس پر پتھراؤ
پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کی گئی تھی، جس کے تحت مقامی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی جاتی ہے۔




