اسلام آباد: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی کے متنازعہ ٹویٹ پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے کرارا جواب دیا ہے۔
بھارتی وزیرِاعظم نے ایشیا کپ فائنل کے بعد اپنی ٹویٹ میں کرکٹ کو جنگ سے تشبیہ دیتے ہوئے لکھاکھیل کے میدان پر ہو یا آپریشن سندور، نتیجہ ایک ہی ہے ،ہندوستان جیت گیا! ہمارے کرکٹرز کو مبارک ہو۔
اس پر ردعمل دیتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ریٹویٹ کرتے ہوئے کہا اگر جنگ آپ کے فخر کا پیمانہ تھی تو تاریخ پہلے ہی پاکستان کے ہاتھوں آپ کی ذلت آمیز شکستوں کو ریکارڈ کر چکی ہے۔
کوئی کرکٹ میچ اس سچ کو دوبارہ نہیں لکھ سکتا۔ جنگ کو کھیل میں گھسیٹنا صرف مایوسی کو ظاہر کرتا ہے اور کھیل کی روح کو بدنام کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی ٹیم کو ہٹ دھرمی مہنگی پڑی، ایشیا کپ کی جیتی ہوئی ٹرافی سے محروم ہوگئی
محسن نقوی کے اس سخت مؤقف کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھرپور سراہا جا رہا ہے، جبکہ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ کرکٹ جیسے کھیل کو سیاسی بیانیے میں لپیٹنا بھارتی قیادت کی کمزور ذہنیت اور مایوسی کا ثبوت ہے۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ ٹی 20فائنل میں بھارت نے پاکستان کو شکست دی، تاہم بعد از میچ بھارتی قیادت کی جانب سے جاری بیانات نے کھیل کی روح کو مسخ کر دیا۔
جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے دو ٹوک مؤقف اپناتے ہوئے واضح کر دیا کہ کرکٹ کو نفرت کا میدان نہیں بنایا جا سکتا۔




