بھارت کیخلاف ایشیا کپ فائنل، مائیک ہیسن کا کھلاڑیوں کو پیغام

ایشیا کپ کا فائنل اتوار کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔ تاریخی ٹاکرے سے قبل قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کھلاڑیوں کو واضح پیغام دیا ہے کہ تمام تر توانائی صرف کھیل پر مرکوز رکھی جائے۔

دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مائیک ہیسن کا کہنا تھا کہ دباؤ والے میچز میں جذبہ آنا فطری امر ہے لیکن ٹیم کو صرف اپنی کارکردگی پر دھیان دینا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف پہلے میچ میں پاکستان کی کارکردگی کمزور رہی تاہم دوسرے میچ میں کھلاڑیوں نے بہتر فائٹ پیش کی۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ بھارتی ٹیم کو دباؤ میں رکھنا ہماری کامیابی کی کنجی ہے، اس دباؤ کو زیادہ دیر تک برقرار رکھنا اصل آزمائش ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل کامیابیوں کے بعد ٹیم کا اعتماد بحال ہوچکا ہے اور کھلاڑی اس بڑے موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے پرعزم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر: راولاکوٹ میں سبزی و فروٹ کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافہ

واضح رہے کہ بھارت اب تک 8 بار ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر چکا ہے، جب کہ پاکستان صرف 2 بار ایشین چیمپئن بنا ہے، آخری بار 2012 میں۔ ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہوگا کہ پاکستان اور بھارت فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے۔

Scroll to Top