اسلام آباد: ماسٹر چنگان موٹرز لمیٹڈ (ایم سی ایم ایل) نے اعلان کیا ہے کہ وہ رواں سال نومبر میں پاکستان کی پہلی رینج ایکسٹینڈڈ ہائبرڈ ایس یو وی دیپال SO5 متعارف کرانے جا رہا ہے۔ یہ گاڑی ایک بار چارجنگ اور ایندھن کے امتزاج سے 1000 کلومیٹر سے زائد سفر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
کمپنی کے سی ای او کے مطابق، “یہ لانچ پاکستان کی آٹو انڈسٹری کے لیے ایک تاریخی سنگ میل ہے۔ ہم نہ صرف ڈرائیورز کی رینج اینگزائٹی ختم کر رہے ہیں بلکہ ایک ایسی الیکٹرک وہیکل فرسٹ گاڑی لا رہے ہیں جو خاص طور پر مقامی مارکیٹ کے تقاضوں کو مدنظر رکھ کر تیار کی گئی ہے۔”
دیپال SO5 کو C-سیگمنٹ SUV کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔ اس کا ڈیزائن اور ٹیکنالوجی اسے اپنے طبقے کی دیگر گاڑیوں سے منفرد بناتے ہیں۔ یہ گاڑی مکمل طور پر الیکٹرک ڈرائیو پر چلتی ہے جبکہ اس میں موجود سیلف چارجنگ جنریٹر بوقت ضرورت بیٹری کو دوبارہ چارج کرتا ہے، جس سے لمبے سفر میں آسانی پیدا ہوتی ہے۔
یہ ماڈل معروف ڈیزائنر کلاوس زائسیورا نے تیار کیا ہے، جو ووکس ویگن گروپ کے سابق ہیڈ آف ڈیزائن رہ چکے ہیں۔ اسپیس کرافٹ سے متاثرہ فرنٹ ڈیزائن، چوڑا اسٹانس، فریم لیس ونڈوز اور ہِڈن ڈور ہینڈلز اس SUV کو ایک منفرد پہچان دیتے ہیں۔ اسی وجہ سے اسے عالمی شہرت یافتہ ڈیزائن ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔
دیپال برانڈ دنیا بھر میں پہلے ہی کامیابیاں سمیٹ چکا ہے۔ گزشتہ برس کمپنی نے دیپال SO7 SUV اور دیپال LO7 سیڈان لانچ کر کے نئی انرجی وہیکلز (NEVs) کے شعبے میں نمایاں مقام حاصل کیا تھا۔
کمپنی کی جانب سے پاکستان میں دیپال SO5 کی قیمت کے حوالے سے کوئی حتمی اعلان نہیں کیا گیا، تاہم اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ یہ قیمت مختلف مارکیٹس میں مختلف ہوگی۔ چین میں اس کی ابتدائی قیمت 119,900 یوآن، یورپ میں تقریباً €38,990 جبکہ امریکی ڈالر میں 15,000 سے 18,000 کے درمیان ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ سپر 4: پاکستان کی سری لنکا پر 5 وکٹوں سے فتح