ان لینڈ ریونیو کی بڑی کارروائی،لاکھوں روپے کے غیر قانونی سگریٹ برآمد

میرپور : محکمہ ان لینڈ ریونیو ساؤتھ زون کی دبنگ کارروائی۔ کمشنر ان لینڈ ریونیو (ساؤتھ زون) سید انصر علی کی خصوصی ہدایت پر میرپور کے رہائشی علاقوں میں واقع سٹورز اورگودام ہا سے غیر قانونی سگریٹ کے لاکھوں مالیت کے کارٹن برآمد کرتے ہوئے ضبط کر لئے گئے۔

ترجمان محکمہ ان لینڈ ریونیو کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق مورخہ 21/22ستمبر کی درمیانی شب، کمشنر ان لینڈ ریونیوکی براہِ راست ہدایت اور نگرانی میں محکمہ ان لینڈ ریونیو کے فیلڈ اسٹاف نے منظم اور دبنگ کارروائی انجام دی ۔

سیکٹرسی فورکے ایک رہائشی مکان میں واقع ایک عدد لوڈر گاڑی از قسم شہ زور(رجسٹریشن نمبر CAX-4855-Punjab) پر لوڈ شدہ 194کارٹن سگریٹ برینڈ KISANاور Gold Cupضبط کئے جو کہ موقع پر ان لوڈ کئے جارہے تھے۔

محکمانہ فیلڈسٹاف نے تحت ضابطہ برآمد کئے گئے سگریٹ کارٹن اور اس غیر قانونی کارروائی میں استعمال ہونے والی شہ زور لوڈر گاڑی کو قبضے میں لے لیا۔

یہ بھی پڑھیں: دوران پریس کانفرنس راجہ فاروق حیدر کی سرکاری ٹی وی پر سگریٹ پینے کی ویڈیو وائرل

بعدازاں محکمہ ان لینڈ ریوینیو نے باوثوق ذرائع سے اطلا ع ملنے پر میرپور کے سیکٹرایف ٹومیں واقع رہائشی علاقے میں واقع دکان پر بھی چھاپہ مارا اور موقع پر موجود سگریٹ کارٹن تعدادی 69 جن میں مختلف برانڈز کے سگریٹ موجود تھے، ضبط کر لیے گئے۔

یہ goods finishedبھی بدوں ادائیگی فیڈرل اکسائز ڈیوٹی سٹا ک کئے گئے تھے جنہیں بعد از ضروری قانونی کارروائی محکمہ ان لینڈ کے سٹاف نے اپنی تحویل میں لیتے ہوئے مذکورہ دکان /گودام کو سیل کر دیا اوراب مزید تحقیقات جاری ہیں۔

موقع کی کارروائی کے مطابق ضبط کیے جانے والے سیگریٹ پیکس پر کسی بھی تیار کنندہ کا نام ثبت نہ تھا جبکہ قانون کی رو سے سگریٹ پیک پر تیار کنندہ کا نام اور خوردہ قیمت بمعہ سیلز ٹیکس پرنٹ ہونا لازمی ہوتا ہے۔

اس کے علاوہ ضبط کی گئی گاڑی پر لوڈ شدہ مال کی بابت انوائسز و دیگر دستاویزات بھی طلب کی گئیں۔ کارروائی رات تقریباً 10بجے سے شروع ہو کر دیر گئے تک جاری رہی۔

محکمہ ان لینڈ ریوینیو کی جانب سے اس دبنگ کارروائی کی تصاویر و ویڈیوز کی صورت میں ٹھوس شواہد بھی اکٹھے کئے گئے۔

فیکٹری انتظامیہ کے مطابق ضبط کیا گیا مال جعلی ہے اور ان کے برانڈز کوغیر قانونی طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سگریٹ سمگلنگ سکینڈل میں اہم پیشرفت،ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو معطل ،انکوائری شروع

کمشنر ان لینڈریونیو کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں محکمہ ان لینڈ ریونیو کی جانب سے معاملے کی مزید تحقیقات کا آغاز کر دیاگیا ہے جس میں ضبط شدہ سامان کی فرانزک جانچ، برانڈز کی تصدیق وغیرہ کے حوالے سے تفصیلی رپورٹس تیار کی جائیں گی اورتحت ضابطہ قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔

کمشنر ان لینڈ ریونیو نے بتایا کہ محکمہ ان لینڈ ریوینیو نے غیر قانونی عناصر کے گر د گھیرا تنگ کر رکھا ہے، غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔

Scroll to Top