وزیراعظم شہبازشریف سعودی عرب پہنچ گئے، سعودی رائل ایئرفورس نے جہاز کو خصار میں لے لیا

جدہ (کشمیر ڈیجیٹل)وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف سعودی عرب پہنچ گئے ہیں جہاں ان کا شاندار شاہی استقبال کیا گیا۔

سعودی عرب نے گہرے سفارتی تعلقات کا مظاہرہ کرتے ہوئے، رائل سعودی ایئر فورس کے جنگی طیاروں نے وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کے طیارے کو سعودی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی پروٹوکول کیساتھ خوش آمدید کہا اور اپنے حصار میں لے لیا۔

وزیراعظم کے ساتھ وفد میں شریک وزیر دفاع خواجہ آصف نے بتایا ہے کہ سعودی عرب نے وزیراعظم پاکستان کا سعودی عرب پہنچنے پر شاندار شاہی استقبال کیا ہے ۔۔

یہ پہلی بار ہوا ہے کہ  سعودی عرب نے پاکستانی وزیراعظم کا اس شاندار طریقے سے استقبال کیا ہے، یہ خیرسگالی کا مظاہرہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔

وزیرِاعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد، شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر مملکت کے اہم دورے پر ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے فرمانروا محمد بن سلمان کی جانب سے شاہی استقبال پرسعودی حکومت کا دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔ ان کے ہمراہ اعلیٰ وزرا اور اہم حکومتی شخصیات بھی موجود ہیں جو اس دورے کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔

اپنے قیام کے دوران، وزیرِاعظم کی ولی عہد محمد بن سلمان سے تفصیلی ملاقات متوقع ہے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کا مکمل جائزہ لیا جائے گا۔

ان میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاعی تعاون اور خطے میں سیکیورٹی جیسے اہم شعبے شامل ہیں۔یہ دورہ ایک ایسے وقت پر ہو رہا ہے جب دونوں ممالک اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔

توقع ہے کہ اس موقع پر کئی اہم معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے، جو دوطرفہ تعاون کو ایک نئے مرحلے میں لے جائیں گے۔

ایک سینئر پاکستانی عہدیدار نے کہا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مشترکہ عقیدے، ثقافتی رشتوں اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔

یہ دورہ ان تاریخی تعلقات کو عملی اقتصادی اور اسٹریٹجک فوائد میں بدلنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

دونوں رہنما علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے، بالخصوص وہ معاملات جو مسلم دنیا اور جنوبی ایشیا پر اثرانداز ہو رہے ہیں۔

یہ دورہ پاکستان کے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے، اور ساتھ ہی سعودی وژن 2030 اور پاکستان کے ترقیاتی اہداف کے ساتھ ہم آہنگی کو فروغ دیتا ہے۔

اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کے بعد مشترکہ منصوبوں اور معاہدوں کے حوالے سے مزید اعلانات متوقع ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر میں ڈی جی آئی ایس پی آر کی طلبہ و اساتذہ کے ساتھ خصوصی نشست

Scroll to Top