(کشمیر ڈیجیٹل)کرکٹ کے بعد اب جیولین تھرو کے میدان میں بھی پاکستان اور بھارت آمنے سامنے آنے والے ہیں۔ ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں پاکستان کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم اور بھارت کے نیرج چوپڑا ایک دوسرے کے خلاف صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق ٹوکیو میں جاری چیمپئن شپ کا جیولین تھرو ایونٹ بدھ کو کوالیفائنگ راؤنڈ سے شروع ہوگا جو پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجکر 45 منٹ پر کھیلا جائے گا۔ اس مرحلے میں آٹھ بہترین جیولین تھرورز فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گے، جبکہ فائنل جمعرات کو شیڈول ہے۔
یہ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان برادرانہ رقابت کا نیا باب ہوگا، کیونکہ پیرس اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم اور ٹوکیو اولمپکس کے چیمپئن نیرج چوپڑا فوجی کشیدگی کے بعد پہلی مرتبہ کسی بڑے ایونٹ میں ایک دوسرے کے مدِمقابل آئیں گے۔ جرمنی کے ویبر سمیت دیگر بڑے ایتھلیٹس بھی مقابلے کا حصہ ہیں۔
ارشد ندیم نے اس حوالے سے کہا کہ ان کی اصل مقابلہ بازی نیرج چوپڑا سے نہیں بلکہ اپنے آپ سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بہترین فٹنس میں ہیں اور ٹوکیو میں عمدہ کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’’زیادہ تر وہی بڑے حریف ایکشن میں ہوں گے جو پیرس اولمپکس میں تھے، اس لیے ایک زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔‘‘ ارشد ندیم نے قوم سے دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھرپور محنت کے ساتھ میدان میں اتر رہے ہیں اور پوری کوشش کریں گے کہ ایک بار پھر پاکستان کا نام روشن کریں۔
پیرس اولمپکس کے بعد سے ارشد ندیم نے صرف ایک انٹرنیشنل ایونٹ میں حصہ لیا ہے، جہاں انہوں نے گومی، جنوبی کوریا میں ہونے والی ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتا۔ دوسری جانب نیرج چوپڑا اس وقت بہترین فارم میں ہیں اور دوحہ میں 90.23 میٹر تھرو کے ساتھ قومی ریکارڈ قائم کرنے کے علاوہ پیرس، اوسٹراوا اور بنگلورو میں بھی کامیابیاں حاصل کر چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سری نگر-جموں شاہراہ بند: سیب برآمدات کو 800 تا1200 کروڑ کا خطرہ




