احمد شاہ کے چھوٹے بھائی عمر شاہ انتقال کر گئے

(کشمیر ڈیجیٹل)پاکستانی ننھے اسٹار اور سوشل میڈیا پر مقبول شخصیت احمد شاہ کے چھوٹے بھائی عمر شاہ انتقال کر گئے۔ یہ افسوسناک خبر پیر کی صبح احمد شاہ کے تصدیق شدہ فیس بک اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی، جس پر مداحوں کی جانب سے غم اور دکھ کا شدید اظہار کیا جا رہا ہے۔

عمر شاہ کو رمضان المبارک کے دوران نجی ٹی وی چینلز کی رمضان ٹرانسمیشنز میں احمد شاہ کے ساتھ دیکھا گیا تھا، جہاں ان کی معصوم باتیں اور چلبلی مسکراہٹ نے ناظرین کے دل جیت لیے۔ ان کے کئی معصومانہ ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو کر انہیں ایک ابھرتا ہوا ننھا اسٹار بنا چکے تھے۔

ذرائع کے مطابق عمر شاہ کی گزشتہ سال جولائی میں آنکھوں کی موتیا کی سرجری ہوئی تھی جبکہ حالیہ دنوں میں بھی ان کا آپریشن ہوا، تاہم وہ صحتیاب نہ ہو سکے اور خالق حقیقی سے جا ملے۔ اگرچہ سوشل میڈیا پوسٹ میں ان کے انتقال کی حتمی وجہ بیان نہیں کی گئی، لیکن مداحوں نے بڑی تعداد میں احمد شاہ اور ان کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لیے دعاؤں کا سلسلہ جاری رکھا۔

شخصیات کا ردعمل:

سابقہ نیوز اینکر رابعہ انعم نے بھی انسٹاگرام پر عمر شاہ کے انتقال کی خبر شیئر کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے عمر کی معصوم شخصیت کو یاد کرتے ہوئے اسے ایک ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا۔

احمد شاہ اور ان کا خاندان:

احمد شاہ، جنہیں ’’پٹھان کا بچہ‘‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، 12 جون 2011 کو ڈیرہ اسماعیل خان میں پیدا ہوئے۔ وہ اپنی معصوم شکل اور وائرل کلپس کے باعث پاکستان بھر میں شہرت حاصل کر چکے ہیں۔ ان کی ویڈیو ’’پیچھے دیکھو پیچھے‘‘ نے انہیں سوشل میڈیا کا اسٹار بنا دیا تھا۔ وہ پاکستان کے کم عمر ترین یوٹیوبرز میں سے ایک ہیں جنہیں یوٹیوب کا گولڈ پلے بٹن مل چکا ہے۔

بدقسمتی سے احمد شاہ کا خاندان پہلے بھی ایک صدمہ سہہ چکا ہے، جب نومبر 2023 میں ان کی چھوٹی بہن عائشہ بیماری کے باعث انتقال کر گئی تھیں۔ اب چھوٹے بھائی عمر کی وفات نے بھی اس خاندان کو گہرے غم میں مبتلا کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ننھے اسٹار عمر شاہ کی اچانک موت کی اصل وجہ سامنے آگئی!

Scroll to Top