ایشیا کپ 2025: دبئی میں آج پاکستان اور بھارت کا مقابلہ

(کشمیر ڈیجیٹل)ایشیا کپ 2025 کا سب سے بڑا معرکہ آج دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے، جہاں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

پاک بھارت روایتی حریف پہلی بار ’معرکۂ حق‘ کے بعد ٹکرا رہے ہیں، اور چھ ماہ کے وقفے میں دوسری مرتبہ ایک دوسرے کے مقابل آرہے ہیں۔ اس سے قبل دونوں ٹیمیں چیمپئنز ٹرافی میں آمنے سامنے آئی تھیں۔

ٹیموں کی حالیہ کارکردگی:

حالیہ کارکردگی کے لحاظ سے دونوں ٹیمیں شاندار فارم میں ہیں۔ بھارت نے ایشیا کپ میں متحدہ عرب امارات کو 9 وکٹوں سے شکست دی، جبکہ پاکستان افغانستان اور یو اے ای کو ہرا کر سہ ملکی سیریز اپنے نام کر چکا ہے۔

ریکارڈز اور اعداد و شمار:

اب تک ایشیا کپ میں دونوں ٹیمیں 19 بار آمنے سامنے آچکی ہیں۔ بھارت نے 10 میچ جیتے جبکہ پاکستان نے 6 فتوحات حاصل کی ہیں۔ پاکستان کی بھارت کے خلاف ایشیا کپ میں آخری کامیابی 2022 میں ہوئی تھی۔ بھارت مجموعی طور پر 8 بار ایشیا کپ کا فاتح رہا ہے، جبکہ پاکستان نے یہ اعزاز 2 بار اپنے نام کیا۔

کھلاڑیوں اور ٹیم انتظامیہ کے خیالات:

پاکستانی بیٹسمین صائم ایوب کا کہنا ہے کہ مقصد صرف بھارت کو شکست دینا نہیں بلکہ ایشیا کپ کا ٹائٹل جیتنا ہے۔
بھارتی ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ رائن ٹین ڈیسکاٹ نے کہا کہ بھارتی ٹیم فیورٹ ہے اور اسکواڈ میں ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو کسی بھی نمبر پر کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

پریکٹس اور تیاری:

میچ سے قبل پاکستانی ٹیم نے پریکٹس کے بجائے آرام کو ترجیح دی جبکہ بھارتی کھلاڑیوں نے دبئی میں بھرپور ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا۔

شائقین کی توقعات:

پاکستان اور بھارت کے اس بڑے ٹاکرے کا شائقین کرکٹ بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ شائقین کو امید ہے کہ ان کے ہیروز میدان میں یادگار لمحات دیں گے۔ یہ معرکہ پاکستانی وقت کے مطابق آج شام 7 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔

نشریات کی تفصیلات:

پاکستان میں نشریات،پاکستانی شائقین کے لیے پی ٹی وی اسپورٹس تمام میچز کی براہِ راست نشریات کرے گا۔ آن لائن دیکھنے والوں کے لیے “مایکو” اور “تماشہ” ایپس پر بھی اسٹریمنگ کی سہولت موجود ہے۔

اسٹریمنگ پلیٹ فارمز:

  • مایکو: iOS، پلے اسٹور، ڈیسک ٹاپ/ویب
  • تماشہ: iOS، پلے اسٹور، ڈیسک ٹاپ/ویب

بین الاقوامی نشریات:

دنیا بھر کے کرکٹ شائقین ایشیا کپ کے مقابلے درج ذیل پلیٹ فارمز پر براہِ راست دیکھ سکیں گے:

  • بھارت: سونی اسپورٹس نیٹ ورک، سونی لِو ایپ/ویب سائٹ
  • سری لنکا: سِراسا ٹی وی، ٹی وی-1، ڈائیلاگ ViU ایپ
  • بنگلہ دیش: غازی ٹی وی، ٹوفی، ٹیپمیڈ
  • امریکہ: وِلو ٹی وی
  • آسٹریلیا: کائیو اسپورٹس، فاکس ٹیل
  • یو اے ای و مشرق وسطیٰ: کرک لائف، کرک لائف میکس، اسٹارز پلے
  • برطانیہ: ٹی این ٹی اسپورٹس (اسکائی، بی ٹی، ورجن میڈیا)، ڈسکوری+ ایپ
  • افریقہ: سپر اسپورٹس اور اس کی ڈیجیٹل اسٹریمنگ
Scroll to Top