ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سندھ(پی ڈی ایم اے) نے دریائے سندھ کے گدو بیراج پر اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا۔
پی ڈی ایم اے سندھ کے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ فیڈرل فلڈ کمیشن (ایف ایف ڈی) نے 14 سے 15 ستمبر کے دوران گدو بیراج پر اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کیا ہے۔
اعلامیے میں تمام ڈپٹی کمشنرز اور چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں اور متعلقہ اداروں و اسٹیک ہولڈرز کو کہا گیا ہے کہ حفاظتی اقدامات اور ایمرجنسی تیاری کو یقینی بنائیں۔
وزارتِ آبی وسائل کے مطابق پنجاب کے بیراجوں پر پانی کا دباؤ بتدریج کم ہو رہا ہے اور وزیراعظم شہباز شریف سیلاب کی صورتحال کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔
ترجمان وزارت نے کہاکہ پنجند بیراج پر بہت اونچے درجے کا سیلاب ہے، تاہم پانی کی سطح آہستہ آہستہ کم ہو رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ، متاثرین سے ملاقات اور بحالی کی یقین دہانی
اسی طرح دریائے ستلج میں سلیمانکی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کی سطح مسلسل کم ہو رہی ہے، جبکہ دریائے چناب میں مرالہ سے تریموں تک پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔
فیڈرل فلڈ کمیشن کے مطابق دریائے ستلج میں گنڈا سنگ والا پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، جس کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے، اور دریائے سندھ میں تربیلا سے تونسہ تک پانی کا بہاؤ بھی معمول کے مطابق ہے۔
کمیشن کے مطابق گدو بیراج پر اونچے درجے کا اور سکھر میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے، جبکہ دریائے راوی میں جسرا اور بلوکی کے مقام پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔ سدھنائی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے اور اس کی سطح بتدریج کم ہو رہی ہے۔