واشنگٹن:امریکا میں مقیم کشمیریوں نےیوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے موبائل ٹرکوں کے ذریعے واشنگٹن میں کشمیر کی آزادی کے پیغامات نشر کئے جس میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ جموں و کشمیر کے لوگوں سے ان کے حق خودارادیت کےحصول کیلئے اپنا وعدہ پورا کرے۔
ٹرکوں کی الیکٹرانک سکرینز پر مختلف پیغامات نشر کئے گئے ،اس موقع پر ورلڈ فورم فار پیس اینڈ جسٹس کے چیئرمین ڈاکٹر غلام نبی فائی نے بیان میں کہا کہ ڈیجیٹل اشتہارات پیغام پھیلانے کا سب سے مؤثر طریقہ ثابت ہوا ہے
یہ بھی پڑھیں:مسئلہ کشمیر حل کیلئے جارحانہ خارجہ پالیسی اپنائی جائے،کشمیر کانفرنس
انہوں نے کہا کہ سکرینز پر نشر ہونے والے الفاظ سڑکوں پر چلنے والے لوگوں اور سرکاری اور تجارتی عمارتوں کے اندر اور باہر آنے والوں کی توجہ حاصل کر تے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد زیادہ سے زیادہ سامعین کو صحیح جگہوں پر اپنے پیغامات کی جانب متوجہ کرکے کشمیر کاز کو فروغ دینا ہے۔
واشنگٹن میں ڈیجیٹل ٹرک کے روٹس میں محکمہ خارجہ،کیپیٹل ہل ،لائبریری آف کانگریس ،واشنگٹن مونومنٹ ،وائٹ ہاؤس ، غیر ملکی سفارتخانے ، عجائب گھر، بھارتی سفارت خانہ ، ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف شامل تھے۔
ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کشمیر کاز کے لئے پاکستانی عوام کی مسلسل سفارتی حمایت پر شکریہ ادا کیااور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس سے اپیل کی کہ وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر پرمذاکرات کے تعطل کو ختم کرنے کیلئے خصوصی ایلچی مقرر کریں۔