پاکستان میں 3 ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پلان، افغانستان اور سری لنکا سے رابطے

(کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملک میں تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کرانے کا منصوبہ بنایا ہے جس کے لیے افغانستان اور سری لنکا سے رابطے کیے جا رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سیریز کے انعقاد سے متعلق ابتدائی معاملات طے پا چکے ہیں جبکہ افغانستان کرکٹ بورڈ نے اس ٹورنامنٹ میں شرکت میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 15 سے 30 نومبر کی ونڈو تجویز کی گئی ہے اور میچز لاہور اور راولپنڈی کے میدانوں میں کھیلے جائیں گے۔

سری لنکا نے نومبر میں وائٹ بال سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کرنا ہے جس میں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز شامل ہیں۔ پی سی بی کی کوشش ہے کہ سری لنکا کے ساتھ طے شدہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کو تین ملکی ٹورنامنٹ میں تبدیل کر دیا جائے تاکہ افغانستان بھی شریک ہو سکے۔

تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا انعقاد جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز کے بعد متوقع ہے۔ جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کا آخری ون ڈے میچ 8 نومبر کو فیصل آباد میں شیڈول ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گرلز کیڈٹ کالج مظفرآباد میں یومِ دفاع پاکستان کی تاریخی تقریب

ادھر پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے میچز پر بھی بات چیت جاری ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ون ڈے میچز تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل کھیلے جانے کا امکان ہے جن کی ممکنہ تاریخیں 11، 13 اور 15 نومبر ہیں۔

Scroll to Top