شہناز بیگم

دو بچوں کی ماں نے اپنے حوصلے سے دنیا کو حیران کر دیا

حیدرآباد: بھارتی ریاست تامل ناڈو کی رہائشی اور دو بچوں کی ماں شہناز بیگم نے اپنی زندگی کی مشکلات کے باوجود باڈی بلڈنگ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں ۔

2024 میں انہوں نے ایشین باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں طلائی تمغہ جیتا جبکہ 2018 میں مس چنئی باڈی بلڈنگ اور 2019 میں مس انڈیا باڈی بلڈنگ کے عنوانات بھی حاصل کر چکی ہیں ۔

انہو ں نے بتایا کہ ان کے لیے سب سے بڑا چیلنج رشتہ داروں کی تنقید تھی جو اکثر انہیں کہتے تھے کہ خواتین کو جم جانے یا باڈی سوٹ پہننے کی ضرورت نہیں اور ان کوبچوں کی پرورش پر توجہ دینی چاہیے ۔

شہناز بیگم کا تعلق چنئی کے کوڈونگائیور سے ہے اور وہ گریجویٹ ہیں ۔ انہیں باڈی بلڈنگ کا شوق اپنے والد جعفر پاشا سے ملا، جو خود کئی تمغے جیت چکے ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر نیشنل بیڈمنٹن چیمپئن شپ : مظفر آباد کی ٹیم نے تاریخ دہرا دی

شادی اور دو بچوں کی پیدائش کے بعد ان کے اور شوہر کے درمیان اختلافات بڑھ گئے ، جس کے نتیجے میں طلاق ہوئی ۔

ذہنی دباؤ سے نجات پانے کے لیے شہناز نے جم جانا شروع کیا ، جس کے بعد ان کی زندگی بدل گئی۔ انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور باڈی بلڈنگ کے میدان میں قدم جمایا۔

2024 میں ایشین چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے کے بعد، وہ بنکاک میں ہونے والی 57ویں مسٹر ایشیا چیمپئن شپ میں بھی چاندی کا تمغہ حاصل کر چکی ہیں۔

شہناز بیگم کا اگلا ہدف عالمی سطح پر گولڈ میڈل جیتنا ہے، اور وہ اپنے جم میں بطور ٹرینر کام بھی کر رہی ہیں ۔

Scroll to Top