(کشمیر ڈیجیٹل) چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں چین پاکستان کے ساتھ ہے اور اس کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور صدر شی جن پنگ کے درمیان بیجنگ میں اہم ملاقات ہوئی جس میں خطے کی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔
ملاقات کے دوران چینی صدر نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان چینی عملے، منصوبوں اور اداروں کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر شی جن پنگ کی قائدانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین آزمائش کی ہر گھڑی میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو اور سی پیک منصوبہ صدر شی جن پنگ کی مثالی قیادت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسپین کے بادشاہ کا کانگریس میں خطاب، شہزادی لیونور نے فوجی تربیت کا نیا مرحلہ شروع کیا
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام چین کے ساتھ اپنی دوستی کو دل سے پسند کرتے ہیں۔ وزیراعظم کی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔




