اسپین کے بادشاہ کا کانگریس میں خطاب، شہزادی لیونور نے فوجی تربیت کا نیا مرحلہ شروع کیا

(کشمیر ڈیجیٹل)اسپین کے شاہی خاندان کی سرگرمیوں نے ایک ہی روز دو مختلف سمتوں میں توجہ حاصل کی، جہاں بادشاہ فلیپ ششم نے طبی دنیا کی اہم تقریب میں شرکت کی جبکہ شہزادی لیونور نے فوجی تربیت کے ایک نئے باب کا آغاز کیا۔

شاہی محل سے جاری بیان کے مطابق بادشاہ فلیپ نے یورپی سوسائٹی آف کارڈیالوجی کے سالانہ کانگریس میں خصوصی اجلاس “ہارٹ اینڈ سوسائٹی” میں شرکت کی۔ اس اجلاس میں دنیا بھر کے ماہرین امراض قلب شریک ہوئے۔ اپنے خطاب میں بادشاہ نے طبی ماہرین کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ قلبی صحت ایک عالمی چیلنج ہے جس کا حل اجتماعی علم اور تعاون سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جب علم ترقی کے لیے بروئے کار آئے تو اس کی کوئی سرحد باقی نہیں رہتی۔

ادھر، ولی عہد شہزادی لیونور نے جنرل ایئر اینڈ اسپیس اکیڈمی سان جاویر میں اپنی عسکری تربیت کے آخری مرحلے کا آغاز کیا۔ اس موقع پر شہزادی نے اکیڈمی کے مختلف حصوں کا دورہ کیا، سمیولیٹر ایریا کا معائنہ کیا اور جدید تربیتی طیارے کے کاک پٹ میں بیٹھ کر عملی مشق میں بھی حصہ لیا۔

Scroll to Top