سڈنی میراتھون میں پاکستانی رنرز کی شاندار کارکردگی، کئی اعزازات اپنے نام

(کشمیر ڈیجیٹل)آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں ہونے والی میراتھون میں پاکستانی رنرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔

پاکستانی نژاد آسٹریلوی رنر علی زیدی نے 3 گھنٹے 5 منٹ 33 سیکنڈز میں ریس مکمل کر کے سب سے تیز پاکستانی کا اعزاز اپنے نام کیا۔ اسلام آباد کے بلال احسن نے 3 گھنٹے 15 منٹ 3 سیکنڈز میں فاصلہ طے کیا، جبکہ پاکستان کے فہد مختار نے 3 گھنٹے 29 منٹ میں ریس مکمل کر کے اپنی ساتویں ورلڈ میجر میراتھون کا اعزاز حاصل کیا۔

جیو نیوز کے اینکر پرسن محمد جنید نے مشکل اور کٹھن کورس 4 گھنٹے 4 منٹ میں مکمل کیا۔ کراچی کے فیصل شفیع نے منفرد انداز میں پاکستان آرمی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ملٹری یونیفارم پہن کر 3 گھنٹے 40 منٹ 13 سیکنڈز میں میراتھون مکمل کی۔ اس کارنامے کو گینیز ورلڈ ریکارڈ نے بھی تیز ترین ملٹری یونیفارم میراتھون کے طور پر تسلیم کر لیا۔

میگا ایونٹ میں 10 پاکستانی خواتین نے بھی حصہ لیا۔ ان میں نمایاں پاکستانی نژاد برطانوی رنر ہما رحمن تھیں جنہوں نے 3 گھنٹے 38 منٹ میں میراتھون مکمل کی۔

سڈنی میراتھون میں مجموعی طور پر 36 پاکستانی اور اوورسیز پاکستانی شریک ہوئے، جن میں سے 16 رنرز نے 42.195 کلومیٹر کا فاصلہ 4 گھنٹے سے کم وقت میں مکمل کیا۔

ریس کے بعد 8 پاکستانی رنرز نے ’سیونتھ اسٹار‘ کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ یہ اعزاز دنیا کی ساتوں بڑی میراتھونز (ٹوکیو، بوسٹن، لندن، برلن، شکاگو، نیویارک اور سڈنی) مکمل کرنے پر دیا جاتا ہے۔ اس فہرست میں فہد مختار، حامد بٹ، ہما رحمن، ڈاکٹر سلمان خان، جمال خان، یسری بخاری، ذیاد رحیم اور فیصل شفیع شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان میں زلزلہ، 20 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی

سڈنی میراتھون کے مجموعی نتائج میں ایتھیوپیا کے ہیلیمریم کیروس نے مردوں کی کیٹیگری میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ خواتین میں سیفان حسن نے میدان مارا۔

Scroll to Top