افغانستان میں زلزلہ، 20 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی

(کشمیر ڈیجیٹل) افغانستان میں زلزلے سے شدید تباہی ہوئی ہے جس کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد جاں بحق جبکہ 100 سے زائد زخمی ہو گئے۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 6.2 ریکارڈ کی گئی، جس کا مرکز صوبہ ننگرہار کے شہر جلال آباد کے قریب تھا اور اس کی گہرائی 8 کلو میٹر بتائی گئی۔ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات 11 بجکر 47 منٹ پر آیا، جس کے تقریباً 20 منٹ بعد اسی علاقے میں 4.5 شدت کا ایک اور جھٹکا محسوس کیا گیا، جس کی گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔

ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا کہ زلزلے کے باعث جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ ان کے مطابق مقامی حکام اور رضاکار فوری طور پر امدادی سرگرمیوں میں شریک ہوئے جبکہ مرکز اور قریبی صوبوں سے ریسکیو ٹیموں کو بھی متاثرہ علاقوں میں روانہ کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نئی امریکی امیگریشن پالیسی، پاکستانی و بھارتی شہریوں کے بچوں کے لیے مشکلات

زلزلے کے جھٹکے پاکستان کے مختلف شہروں میں بھی محسوس کیے گئے۔ اسلام آباد، لاہور، پشاور، مردان، چکوال، ٹیکسلا اور واہ کینٹ میں لوگوں نے خوف کے باعث گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل کر کھلی جگہوں کا رخ کیا۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق جھٹکوں کی شدت 6 اور گہرائی 15 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ مرکز جنوب مشرقی افغانستان میں تھا۔

Scroll to Top