(کشمیر ڈیجیٹل)پنجاب کے دریاؤں میں طغیانی کی صورتحال برقرار ہے اور ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں ہیڈ تریموں پر سات لاکھ کیوسک تک کا بڑا سیلابی ریلا پہنچنے کا امکان ہے۔
ترجمان کے مطابق دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ دو لاکھ ترپن ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ گزشتہ دنوں یہ بہاؤ تین لاکھ پچاسی ہزار تک پہنچ گیا تھا۔ اسی طرح سلیمانکی کے مقام پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ چون ہزار کیوسک ہے۔
دریائے چناب میں بھی شدید سیلابی ریلا جھنگ اور ہیڈ تریموں سے گزر رہا ہے۔ مرالہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ ننانوے ہزار کیوسک، خانکی ہیڈ ورکس پر ایک لاکھ چھیاسٹھ ہزار، قادر آباد پر ایک لاکھ پچاسی ہزار اور ہیڈ تریموں پر تین لاکھ اکسٹھ ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یونین کونسل ٹائیں میں ایچ پی وی ویکسینیشن مہم کے تحت آگاہی سیشنز
ترجمان کے مطابق دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر پانی کا بہاؤ چوراسی ہزار، شاہدرہ میں چھہتر ہزار، بلوکی ہیڈ ورکس پر دو لاکھ چار ہزار اور ہیڈ سدھنائی پر چھیالیس ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔