اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل)سابق وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان سے ان کی رہائش گاہ پر چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و محصولات، سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ اور سابق چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے اہم ملاقات کی۔
ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال سمیت مسئلہ جموں و کشمیر پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ ملک اس وقت شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال سے دوچار ہے جس کے نتیجے میں سینکڑوں افراد جاں بحق، ہزاروں مکانات منہدم اور بنیادی ڈھانچہ بری طرح متاثر ہوا جبکہ لاکھوں ایکڑ فصلیں تباہ ہو گئی۔
سردار تنویر الیاس کا کہنا تھاکہ ایسے نازک حالات میں تمام سیاسی جماعتوں اور قومی قیادت کو چاہیے کہ وہ متاثرہ عوام کی بحالی و امداد کیلئے مشترکہ حکمت عملی اپنائیں اور سیلاب زدہ علاقوں کو ریلیف کی فراہمی کو اولین ترجیح دیں۔
سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ پاکستان کی مجموعی صورتحال میں سیاسی و معاشی استحکام کے ساتھ ساتھ قومی سلامتی سب سے اہم ہے۔۔
اس موقع پر انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملک و قوم کے تحفظ کیلئے گراں قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر اندرونی و بیرونی محاذ پر ملک کے دفاع میں صفِ اول پر ہیں۔۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں فوج نے جس جرأت و حکمت سے پاکستان کے استحکام کو یقینی بنایا ہے وہ پوری قوم کے لیے فخر کا باعث ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام ہر مشکل گھڑی میں اپنی فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور اداروں کی یہ قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم عالمی ضمیر کیلئے لمحہ فکریہ ہیں، کشمیری عوام اپنے حقِ خودارادیت کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں اور پاکستان کی سیاسی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ یک زبان ہو کر دنیا کے سامنے ان مظالم کو بے نقاب کرے تاکہ عالمی برادری کو یہ باور کرایا جا سکے کہ کشمیری عوام کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی میڈیکل ہسٹری رپورٹ عدالت میں پیش