(کشمیر ڈیجیٹل) نان اسٹک برتن استعمال کرنے والی خواتین اور گھریلو صارفین کو ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ یہ برتن بعض اوقات صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق زیادہ تر نان اسٹک پین ٹیفلون (Teflon) کوٹنگ سے تیار کیے جاتے ہیں، جو کھانے کو چپکنے سے بچانے کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔ تاہم جب ان برتنوں کو حد سے زیادہ گرم کیا جائے، یعنی 260 ڈگری سینٹی گریڈ یا 500 فارن ہائیٹ سے اوپر، تو ان سے نکلنے والی گیسیں پھیپھڑوں اور سانس کی صحت پر منفی اثر ڈال سکتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق اگر نان اسٹک پین کی کوٹنگ اترنے لگے یا اس پر خراشیں آجائیں تو ذرات کھانے میں شامل ہو سکتے ہیں، جو طویل عرصے میں جگر اور ہارمونز پر بھی اثرانداز ہو سکتے ہیں۔
محفوظ استعمال کے طریقے:
- خالی پین کو زیادہ دیر تک گرم نہ کریں۔
- لکڑی یا سلکان کے چمچ استعمال کریں تاکہ کوٹنگ خراب نہ ہو۔
- اگر کوٹنگ اترنے لگے تو فوری طور پر پین تبدیل کریں۔
- نان اسٹک پین کو ہمیشہ مدھم یا درمیانی آنچ پر استعمال کریں۔
متبادل برتن:
ماہرین کے مطابق کاسٹ آئرن پین، اسٹین لیس اسٹیل اور سیرامک کوٹنگ والے برتن نان اسٹک کے محفوظ متبادل ثابت ہو سکتے ہیں۔ خاص طور پر کاسٹ آئرن پین اگر درست طریقے سے سیزن کیا جائے تو وہ بھی نان اسٹک کی طرح استعمال ہوسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں پرائیویٹ اداروں کو طلباء سے براہ راست فیس طلب کرنے سے روک دیا گیا




