(کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان کے سابق کپتان اور فاسٹ بولر وسیم اکرم نے ایشیا کپ 2025 میں پاک بھارت ٹاکرے سے قبل اپنی فیورٹ ٹیم کے بارے میں اظہارِ خیال کیا ہے۔
سوئنگ کے سلطان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 14 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا جو ہمیشہ کی طرح سنسنی خیز ہوگا۔ ان کے مطابق اصل امتحان دباؤ کو سنبھالنے کا ہے اور جو ٹیم اس میں کامیاب رہے گی وہی میدان مارے گی۔
وسیم اکرم نے بھارتی ٹیم کو میچ میں فیورٹ قرار دیا تاہم کہا کہ پاکستانی ٹیم کے پاس بھی بڑے مقابلوں میں بہترین کارکردگی دکھانے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔
انہوں نے دونوں ممالک کے شائقین سے اپیل کی کہ وہ نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں اور کرکٹ کو کھیل کی حد تک محدود رکھیں تاکہ یہ میچ سب کے لیے دلچسپ اور یادگار بن سکے۔
وسیم اکرم کے مطابق بھارتی شائقین اگر اپنی ٹیم کو جیتتا دیکھنا چاہتے ہیں تو پاکستانی عوام بھی پوری طرح اپنی ٹیم کے ساتھ کھڑے ہیں۔ لیکن سب سے اہم بات یہ ہے کہ برداشت اور مثبت رویہ اپنایا جائے تاکہ دنیا بھر میں کرکٹ کا اچھا تاثر جائے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا نااہل ارکان کی نشستوں پر بائیکاٹ، این اے 129 سے انتخاب لڑنے کا اعلان
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 14 ستمبر کو ایشیا کپ کے بڑے مقابلے میں دبئی میں آمنے سامنے ہوں گی۔