(کشمیر ڈیجیٹل)سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ نے صوبے کی صنعتی خواتین ملازمین کے لیے فری الیکٹرک بائیک اسکیم کا آغاز کردیا ہے، جس کے تحت 10 ہزار ای بائیکس فراہم کی جائیں گی۔
صوبائی وزیر محنت شاہد تھاہیم کے مطابق بائیکس کی تقسیم شفافیت یقینی بنانے کے لیے ڈیجیٹل ڈرا کے ذریعے کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد ماحولیاتی آلودگی میں کمی، خواتین کی سفری سہولت اور ان کی معاشی بااختیاری کو فروغ دینا ہے۔
رجسٹریشن کا عمل شروع ہوچکا ہے اور اہل خواتین ویلفیئر بورڈ کی سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے درخواست دے سکتی ہیں۔ درخواستوں کی تصدیق ای او بی آئی، سیسی ریکارڈز اور آجر کے سرٹیفکیٹ کے ذریعے کی جائے گی، جب کہ حتمی مرحلہ ڈیجیٹل قرعہ اندازی کے ذریعے ہوگا۔
رجسٹریشن کے لیے قومی شناختی کارڈ کی کاپی (سامنے اور پیچھے)، ایف آر سی یا ڈومیسائل سرٹیفکیٹ، بائیک ڈرائیونگ لائسنس (اختیاری)، ملازمت کا سرٹیفکیٹ اور ملازمت کارڈ (اختیاری) درکار ہوں گے۔
اہلیت کے معیار کے مطابق 20 سے 45 سال تک کی خواتین صنعتی ورکرز اس اسکیم کے لیے درخواست دے سکتی ہیں، جب کہ خواتین اقلیتی برادری کے لیے 20 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔ وزیر محنت کے مطابق کامیاب امیدواروں کو ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے لیے 60 دن کی مہلت دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی آزاد کشمیر پارلیمانی پارٹی کا اجلاس اسلام آباد میں منعقدہوا