نیویارک :جے کے ایل ایف نارتھ امریکہ نے پارٹی صدر امتیاز خان کی قیادت میں نیویارک، امریکہ میں بھارتی قونصلیٹ کے باہر محمد یاسین ملک کے ساتھ بھارتی غیر انسانی روئیے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
اس احتجاج میں مقامی جے کے ایل ایف قیادت کے علاوہ بڑی تعداد میں کشمیری امریکیوں بشمول بچوں اور خواتین نے شرکت کی۔
صدرجے کے ایل ایف نارتھ امریکہ امتیاز خان، ممبر سپریم کونسل جے کے ایل ایف محمد حلیم خان، سینئر جے کے ایل ایف کے سینئر رہنماء انجینئر قاسم کھوکھر، ترجمان جے کے ایل ایف شمالی امریکہ راجہ مختار اور دیگر نے اس موقع پرخطاب کیا جبکہ جنرل سیکرٹری نارتھ امریکہ جے کے ایل ایف شفیق اشرف نے تقریب کی نظامت کی۔
مظاہرین نے یاسین ملک اور دیگر کشمیریوں کی آزادی پسند سیاسی قیدیوں کے تئیں بھارتی رویے کے خلاف بلند آواز میں نعرے لگائے۔ انہوں نے مظاہرے کے دوران آزادی کے حق میں اور بھارت مخالف نعرے لگائے۔
یہ بھی پڑھیں: پیرس میں ایفل ٹاور کے سامنے یومِ استحصال کشمیر پر احتجاجی مظاہرہ
مظاہرین نے یاسین ملک کی عمر قید کو سزائے موت میں تبدیل کرنے کے بھارتی منصوبے کی مذمت کی جس میں ان کے خلاف بنائے گئے من گھڑت اور سیاسی بنیادوں پر مقدمات درج کئے گئے۔
انہوں نے یاسین ملک کی بھارتی جیل سے فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے بھارتی جیلوں سے آزادی پسند تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔
اس موقع پر مقررین نے مہذب دنیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مداخلت کرکے یاسین ملک کی جان بچائیں۔