غیر ملکی براہ راست عمرہ ویزا کیلئے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں ،سعودی وزارت حج

ریاض(کشمیر ڈیجیٹل)سعودی وزارت حج نے دنیا بھر سے عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے خواہشمند مسلمانوں کیلئے بڑی سہولت فراہم کردی جس کے مطابق نسک عمرہ کے نام سے جدید آن لائن سروس کا آغاز کر دیا ہے۔

اس ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے بیرونِ ملک مقیم افراد اب کسی ایجنٹ یا بروکر کے بغیر خود براہ راست عمرہ ویزا کے لیے درخواست دے سکیں گے۔

عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ آن لائن سسٹم صرف ویزا کے لیے نہیں، بلکہ رہائش، سفری انتظامات اور سیاحتی سرگرمیوں سمیت مکمل عمرہ پیکجز کی بکنگ کی سہولت بھی فراہم کرتا ہے۔ زائرین اپنی ضروریات کے مطابق مکمل پیکج یا علیحدہ سہولتیں منتخب کر سکتے ہیں۔

سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس سروس کا مقصد عمرہ زائرین کو زیادہ سہولت فراہم کرنا، خدمات کے معیار کو بہتر بنانا اور حرمین شریفین کی زیارت کو ایک یادگار تجربہ بنانا ہے۔

تمام سہولتیں ویب سائٹ پر دستیاب ہیں، جہاں صارف آسان اقدامات کے ذریعے مکمل رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔

یہ اقدام سعودی عرب کے وژن 2030 کا حصہ ہے، جس کا مقصد اسلامی سیاحت کو فروغ دینا اور دنیا بھر سے زیادہ سے زیادہ زائرین کو حرمین شریفین تک آسان رسائی دینا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں۔ادویات کی قیمتوں میں اضافہ ،وزیراعظم برہم، سمری واپس

Scroll to Top