مظفرآباد:فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی، مضر صحت گھی ضبط،گودام سیل

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کی بروقت اور بہترین کارروائی، برارکوٹ انٹری پوائنٹ پر غیر رجسٹرڈ اور بدوں لیبارٹری رپورٹس گھی کی بڑی کھیپ ضبط کر لی گئی۔

تفصیلات کے مطابق فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے معمول کی چیکنگ کے دوران فوڈ ڈیلیوری گاڑی کو روکا جس میں بھاری مقدار میں غیر رجسٹرڈ گھی موجود تھا۔

معائنہ کے دوران فوڈ بزنس آپریٹر سے فوڈ اتھارٹی کا اجازت نامہ،لائسنس اور گھی کی لیبارٹری رپورٹس طلب کی گئیں جو اس کے پاس موجود نہ تھیں جس پر فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گھی کی بڑی کھیپ قبضے میں لیتے ہوئے گودام سیل کردیا

متعلقہ حکام نے متعلقہ افراد کے خلاف فوڈ اتھارٹی ایکٹ کے تحت کارروائی کا بھی آغاز کر دیا گیا۔ آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2017 اور پیور فوڈ ریگولیشنز 2019 کے تحت ریاست بھر میں کوئی بھی خوراک تیار کرنے، ذخیرہ کرنے یا فروخت کرنے والا کاروباری ادارہ اس وقت تک کام نہیں کر سکتا جب تک کہ وہ فوڈ اتھارٹی سے باضابطہ رجسٹریشن اور لائسنس حاصل نہ کرے، اور خوراک کی تیاری میں استعمال ہونے والے تمام اجزاء کا معیاری لیبارٹریوں سے ٹیسٹ شدہ ہونا لازمی ہے، بصورت دیگر انہیں فروخت یا مارکیٹ میں داخل کرنا قانوناً جرم ہے۔

یاد رہے غیر رجسٹرڈ اور غیر معیاری گھی انسانی صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے کیونکہ اس میں ناقص اجزاء اور مضر صحت کیمیکلز شامل ہونے کے امکانات ہوتے ہیں جو کولیسٹرول میں اضافہ، دل کے امراض اور جگر جیسے مہلک امراض تک کا باعث بن سکتے ہیں۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مظفرآباد ابرار احمد میر نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک فراہم کرنے کے لیے دن رات سرگرم ہے

کوئی بھی فوڈ بزنس آپریٹر بغیر اجازت نامہ کے کاروبار نہیں کر سکتا۔ آج کی کارروائی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ خوراک کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام کاروباری حضرات اپنی رجسٹریشن اور لائسنس وقت پر حاصل کریں ورنہ ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی۔

عوام سے بھی اپیل ہے کہ وہ ہمیشہ رجسٹرڈ اور لیبل شدہ معیاری برانڈز خریدیں اور کھلے عام غیر رجسٹرڈ گھی اور تیل کے استعمال سے گریز کریں تاکہ اپنی اور اپنے بچوں کی صحت کو محفوظ بنا سکیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:میرپور : ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن ایکسپو اور سیمولیشن ایکسرسائز ، جدید ٹیکنالوجی کا استعمال

Scroll to Top