مصر اور لیورپول کے اسٹار فارورڈ محمد صلاح نے پروفیشنل فٹبالرز ایسوسی ایشن (پی ای ایف) کے سال کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ جیت کر اپنی شاندار کارکردگی کا اعزاز دوبارہ حاصل کر لیا ہے ۔
33 سالہ صلاح اب تک یہ اعزاز تین مرتبہ جیتنے والے عالمی سطح کے چند فٹبالرز میں شامل ہو گئے ہیں ۔ محمد صلاح نے 2017 میں لیورپول میں شمولیت اختیار کی تھی اور تب سے وہ انگلش پریمیئر لیگ میں اپنی شاندار فٹبال مہارت کے لیے جانے جاتے ہیں۔
گزشتہ سیزن میں صلاح نے 29 گول کر کے نہ صرف اپنی ٹیم کو ٹائٹل جیتنے میں مدد دی بلکہ پریمیئر لیگ میں سب سے زیادہ اسکور کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔ ان کی شاندار کارکردگی کے اعتراف میں انہیں پلےئر آف دی سیزن کے اعزاز کے ساتھ ساتھ گولڈن بوٹ اور پلے میکر ایوارڈ بھی دیا گیا ۔
یہ بھی پڑھیں:اسکولز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام سے متعلق پی سی بی کا بڑا اعلان
یہ اعزاز جیت کر محمد صلاح ایک منفرد سنگ میل طے کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں ، جنہوں نے ایک ہی سیزن میں یہ تینوں بڑے ایوارڈز اپنے نام کیے ۔ قبل ازیں، محمد صلاح نے یہ اعزاز 2018 میں اپنے لیورپول کے پہلے سیزن میں اور پھر 2022 میں بھی حاصل کیا تھا ۔
جس سے ان کی مستقل اور شاندار کارکردگی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے ۔ محمد صلاح کی یہ کامیابی نہ صرف لیورپول کے مداحوں کے لیے خوشی کا باعث ہے بلکہ دنیا بھر میں فٹبال کے شائقین کے لیے بھی ایک متاثرکن لمحہ بھی ہے ۔