حساس معلومات،اہم مقامات کی لوکیشن بھارت کو فراہم کرنیوالا جاسوس گرفتار

مظفر آباد: بلال مسجد نالہ شوائی مظفرآباد کی لوکیشن بھارتی خفیہ اداروں کو فراہم کرنے اور بھارت کیلئے جاسوسی کرنے کے الزام میں کھائیگلہ راولاکوٹ کا نوجوان گرفتار کیا گیا ہے۔

مظفرآباد تھانہ پنجگراں میں 23 جولائی کو درج ہونے والی ایف آئی آر کے مطابق محمد عبید جہانگیر ولد محمد جہانگیر شاہد سکنہ کوئیاں کھائی گلہ راولاکوٹ نے بھارتی خفیہ ایجنسی را کو واٹس ایپ کے ذریعے مسجد بلال اور نالہ شوائی کی معلومات اور جی پی ایس لوکیشن فراہم کی اور بدلے میں بھاری رقم وصول کی۔

یہ بھی پڑھیں: ایک اور معروف بھارتی یوٹیوبر پاکستان کیلئے جاسوسی کے الزام میں گرفتار

اس کے علاوہ بھی وہ حساس معلومات اور اہم تنصیبات کی معلومات بھارتی خفیہ اداروں کو فراہم کرتا رہا ہے۔ عبید جہانگیر کے خلاف آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور مظفرآباد میں ہی وہ زیر حراست ہے۔

کھائی گلہ کے مقامی افراد کے مطابق عبید جہانگیر کا تعلق کالعدم عسکری تنظیم سے ہے۔ عبید جہانگیر کے چچا شوکت ولد سمندر کاشمار کالعدم تنظیم کے اہم رہنماؤں میںہوتا ہے۔

اس خاندان کے حوالے سے کہا جا رہا ہے کہ یہ مقبوضہ کشمیر سے ہجرت کر کے یہاں کھائی گلہ میں آباد ہوا ہے۔

یاد رہے کہ مئی میں بھارت میں مظفرآباد کی بلال مسجد کو نشانہ بنایا تھا جہاں مسجد  کے بزرگ امام سمیت دو افراد شہید ہوئے تھے۔

Scroll to Top