اسلام آباد:نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے ) نے بارشوں اور سیلاب سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والے جانی نقصان کا ڈیٹا جاری کر دیاہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق24 گھنٹوں کے دوران بارشوں کے باعث ملک بھر میں 41 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہوئے، جاں بحق ہونے والوں میں 29 مرد، 9 خواتین اور 3 بچے شامل ہیں۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ بارشوں اور سیلاب کے باعث خیبر پختونخوا میں 19 افراد جاں بحق جبکہ 1 زخمی ہوا۔
گلگت بلتستان میں 11 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوئے، سندھ میں بھی بارشوں سے 11 افراد جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: ہیڈکوارٹر جہلم ویلی بارشوں میں جھیل کا منظر، حکومت اقدامات کرے: سید شجاعت گیلانی
این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے باعث اب تک ملک بھر میں 748 افراد جاں بحق اور 978 زخمی ہوئے، جاں بحق ہونے والوں میں 459 مرد، 11 خواتین اور 178 بچے شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 475 مرد، 243 خواتین اور 260 بچے شامل ہیں۔
اعداد وشمار میں بتایا گیا ہے کہ اب تک پنجاب میں 165، خیبر پختونخوا میں 446 اور سندھ میں 40 افراد جاں حق ہو چکے، اسی طرح گلگت بلتستان میں45، آزاد کشمیر میں 22 اور اسلام آباد میں 8 افراد جاں بحق ہوئے۔
این ڈی ایم اے کا بتانا ہے کہ بارشوں اور سیلاب میں ملک بھر میں 990 مکان گرے اور 3 ہزار 898 مویشی بھی ہلاک ہوئے۔