(کشمیر ڈیجیٹل)نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے معروف یوٹیوبر سعدالرحمان عرف ڈکی بھائی کو لاہور ایئرپورٹ سے حراست میں لے کر مقدمہ درج کرلیا۔
ذرائع کے مطابق ڈکی بھائی بیرونِ ملک سے وطن واپس پہنچے تھے کہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر امیگریشن کاؤنٹر پر ان کا پاسپورٹ ہِٹ ہونے پر حکام نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا اور ایجنسی کے حوالے کردیا۔
ڈکی بھائی پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر جوئے کی ترغیب دینے والی ایپلی کیشن اور فحش مواد اپ لوڈ کیا، جس پر ان کے خلاف انکوائری جاری تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ مختلف شکایات موصول ہونے کے بعد یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔
واضح رہے کہ ڈکی بھائی اس سے قبل بھی تنازعات کی زد میں آ چکے ہیں۔ رواں سال اپریل میں ان کے خلاف دورانِ ڈرائیونگ خطرناک اسٹنٹ کرنے پر مقدمات درج ہوئے تھے۔ تاہم لاہور ہائی کورٹ نے اس کیس میں ان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے روک دیا تھا۔
ڈکی بھائی پاکستان کے ٹاپ یوٹیوبرز میں شمار ہوتے ہیں، ان کے لاکھوں سبسکرائبرز ہیں اور وہ اپنے و لاگز، مزاحیہ ویڈیوز اور تنازعات کی وجہ سے اکثر خبروں میں رہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایکس پر نئی سہولت، اب تصویر بدلے گی ویڈیو میں




