ایشیاکپ اسکواڈکیلئے اجلاس،بابر اعظم اور رضوان پر دوبارہ اعتماد کا امکان!

(کشمیر ڈیجیٹل) نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ایشیا کپ اور تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے اسکواڈز کی تشکیل سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں سلیکٹرز، ہیڈ کوچ اور کپتان نے تفصیلی مشاورت کی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ایشیا کپ کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے مضبوط اسکواڈ تشکیل دینے پر زور دیا گیا۔ اجلاس کے دوران سابق کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کے نام بھی زیر غور آئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف میچز کے تناظر میں سینئر کھلاڑیوں کے تجربے سے فائدہ اٹھانے پر بات چیت ہوئی۔

مزید بتایا گیا کہ تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا باقاعدہ اعلان آج متوقع ہے، جو 29 اگست سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہوگی۔ اس ایونٹ میں پاکستان کے ساتھ افغانستان اور میزبان متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ٹیم کا اعلان سلیکٹر اور ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید اور ہیڈ کوچ مائیک ہیسن پریس کانفرنس کے ذریعے کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سرکاری حج سکیم میں درخواستوں کی وصولی ایک روز بڑھا دی گئی

واضح رہے کہ ایشیا کپ رواں سال ستمبر میں دبئی میں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے تحت کھیلا جائے گا، جس کی میزبانی بھارت کے پاس ہے۔

Scroll to Top