برسلز: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کو چین اور امریکا کے ساتھ تعلقات میں توازن رکھنے کا طویل تجربہ ہے اور ہم ایک دوست کیلئے دوسرے دوست کو قربان نہیں کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو میںفیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ تبدیلی سے متعلق تمام افواہیں بے بنیاد ہیں، یہ افواہیں پھیلانے والے حکومت اور مقتدرہ دونوں کے مخالف ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خدا نے مجھے ملک کا محافظ بنایا ہے اور اس کے علاوہ کسی عہدے کی خواہش نہیں، ایک ایک پاکستانی کے خون کا بدلہ لینا ہم پر لازم ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی امن کی خواہش حقیقی ہے، اسی لئے انہیں نوبل انعام کے لیے نامزد کرنے میں پہل کی گئی، بعد ازاں باقی دنیا نے بھی اس معاملے میں پاکستان کی پیروی کی۔
یہ بھی پڑھیں: فیلڈمارشل عاصم منیرمتاثر کن شخصیت ہیں ،پاک بھارت جنگ رکوائی،ٹرمپ کا نیٹو سمٹ میں انکشاف
سید عاصم منیر نے بھارت کو خبردار کیا کہ وہ پراکسیز کے ذریعے پاکستان کے امن کو نقصان نہ پہنچائے جبکہ افغان حکومت کو چاہیے کہ طالبان کو پاکستان میں دھکیلنے کی کوشش بند کرے۔
برسلز میں اوورسیز پاکستانیوں نے فیلڈ مارشل کا جنگ کے فاتح کے طور پر پرتپاک استقبال کیا۔ وہ کئی گھنٹے کھڑے ہو کر دور دراز سے آئے پاکستانیوں سے ملتے رہے۔
انتظامیہ کی جانب سے ایک ساتھ اتنے لوگوں سے ملنے پر بدانتظامی کے خدشے کا اظہار کیا گیا تاہم فیلڈ مارشل نے کہا کہ لوگ دور سے آئے ہیں، ان کا دل نہیں توڑا جاسکتا۔ جب تک آخری شخص ان سے ہاتھ ملا کر رخصت نہیں ہوا، وہ کھڑے رہے۔
مزید براں فیلڈ مارشل نے وزیراعظم شہباز شریف کی 18،18 گھنٹے محنت کو سراہا اور کہا کہ وزیراعظم اور کابینہ نے جنگ کے دوران جس عزم کا مظاہرہ کیاوہ قابل تعریف ہے۔